• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

لاکھوں حجاج کا منیٰ میں قیام، آج حج کا رکن اعظم ’’وقوف عرفہ‘‘ اداکیا جائے گا


دنیا بھر سے حجاز مقدس آنے والے لاکھوں حجاج نے منیٰ میں قیام کیا، آج حج کا رکن اعظم ’’وقوف عرفہ‘‘ ادا کیا جائیگا، امام حج مسجد نمرہ سے خطبہ دیں گے، حجاج ظہر و عصر ایک ساتھ ادا کرنے کے بعد غروب آفتاب کے وقت مزدلفہ روانہ ہو جائینگے، رات کھلے آسمان تلے مزدلفہ میں بسر کی جائے گی، رمی جمار کی سنت اور قربانی ادائیگی کے بعد احرام کھول دیے جائیں گے ادھر وزارت مذہبی امور کے ترجمان کا کہنا ہےکہ عازمین مشکل صورت میں موبائل ٹیموں سے رابطہ کریں ۔ تفصیلات کے مطابق فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے دنیا بھر سے حجاز مقدس پہنچنے والے لاکھوں کلمہ گو (آج) پیر 9 ذوالحج کو حج کا رکن اعظم وقوف عرفہ ادا کریں گے۔ اتوار 8 ذوالحج کو عازمین نے منیٰ کی خیمہ بستی میں قیام کیا۔ 9 ذوالحج کو فریضہ حج کی ادائیگی کے لئے میدان عرفات پہنچیں گے جہاں مسجد نمرہ میں خطبہ حج سننے کے بعد نماز ظہر اور نماز عصر ایک ساتھ ادا کریں گے۔ عصر اور مغرب کے درمیان وقوف ہو گا۔ یہ قبولیت کی وہ ساعتیں ہیں جن میں کی گئی کوئی دعا خدائے رب العزت رد نہیں کرتے اس لئے عصر اور مغرب کے درمیان حجاج کرام خدائے رب العزت کے حضور گڑگڑا کر خصوصی دعائیں کرتے ہیں۔ سورج غروب ہوتے ہی میدان عرفات کو فوری طور پر چھوڑنے کا حکم ہے اس لئے حجاج کرام میدان عرفات کی حدود سے فوری طور پر مذدلفہ کا رخ کرتے ہیں۔ مزدلفہ میں شیطان کو مارنے کے لئے کنکریاں چننے کے ساتھ ساتھ رات کھلے آسمان تلے قیام کریں گے اور مذدلفہ میں ہی نماز مغرب اور نماز عشاءایک ساتھ ادا کریں گے۔ رات کھلے آسمان کے تلے قیام کے بعد نماز فجر ادا کریں گے اور اس کے ساتھ ہی منیٰ پہنچیں گے جہاں شیطان کو کنکریاں مارنے اور قربانی کے بعد بال منڈوا کر احرام کھول دیں گے۔ اسی طرح 11 ذوالحج کو بھی تینوں شیطانوں کو بھی کنکریاں مارنے کا حکم ہے۔ 12 ذوالحج کو آخری دن شیطان کو کنکریاں مارنے کے بعد حجاج کرام مکة المکرمہ واپس جا سکتے ہیں۔ واضح رہے کہ 10، 11، 12 ذوالحج کو منیٰ میں قیام کرنا حج کا لازمی رکن ہے۔ اس دوران طو اف زیارت کے لئے حجاج کرام کے لئے مکة المکرمہ میں مسجد الحرام جانا لازم ہے۔ وزارت مذہبی امور کے ترجمان کے مطابق سرکاری اسکیم کے تمام عازمین حج منی پہنچ چکے ہیں: منی میں دفتر امور حجاج پاکستان کا مین کنٹرول آفس 24 گھنٹے کام کر رہا ہے.تمام مکاتب کی کارکردگی کو مسلسل مانیٹر کیا جا رہا ہے۔ شعبہ شکایات، ہیلپ لائن، رہنمائی، گمشدگی و بازیابی، رہائش و خوراک، آئی ٹی، مانیٹر نگ پوری طرح فعال ہیں ۔سبز سکارف اور قومی پرچم لئے معاونین رہنمائی کیلئے مختلف مقامات پر تعینات کیے ہیں ۔ رہنمائی کا نیٹ ورک مکہ مکرمہ، منی اور عرفات تک پھیلا ہوا ہے۔ ترجمان نے کہا ہے کہ عازمین حج کسی بھی مشکل کی صورت میں مفت ہیلپ لائن پر کال کریں ۔ منی میں گرم موسم کے باعث عازمین حج پانی اور چھتری کا استعمال کریں ۔ ترجمان نے کہا ہے کہ عازمین حج اپنے مکاتب کی ہدایات پر سختی سے عمل کریں ۔ کسی قسم کی مشکل یا پر یشانی کی صورت میں ہیلپ لائن یا موبائل ٹیموں سے رابطہ کریں۔

تازہ ترین