• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

خیبرپختونخوا‘حکومت کو ٹف ٹائم دینے کیلئے اپوزیشن متحد

پشاور(نمائندہ جنگ) خیبر پختونخوا کی اپوزیشن جماعتوں نے صوبہ کے مسائل کے حل اور آئینی حقوق کے حصول کیلئے متحد ہوکر صوبائی حکومت کو ٹف ٹائم دینے کا اعلان کرتے ہوئے پارلیمانی جدوجہد کیلئے متفقہ طور تجریہ کار اپوزیشن لیڈر لا نے پر اتفاق کرلیا ہے جس کے انتخاب کیلئے عیدالاضحی کے بعد اپوزیشن جماعتوں کا مشترکہ اجلاس طلب کرلیا گیا ہے۔ خیبر پختونخوا میں پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے قیام کے بعد صوبہ کی32 ارکان کی حامل اپوزیشن اختلافات ختم کرکے متحد ہونے اور مشاورت سے اپوزیشن لیڈر لانے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں اے این پی کے پارلیمانی لیڈر سردار حسین بابک اور مسلم لیگ ن کے رکن سردار اورنگزیب نلوٹھا نے’’ جنگ‘‘ کو بتایا ہے کہ خیبر پختونخوا سنگین مسائل کا شکار ہے ، سابق صوبائی حکومت کے پانچ سالہ دور میں صوبہ کی مشکلات میں اضافہ ہوا جبکہ اس دور میں اپوزیشن کا کردار بھی تسلی بخش نہیں رہا اس مرتبہ اگرچہ اپوزیشن ارکان تعداد میں کم ہیں لیکن ان میں کافی تجربہ کار لوگ شامل ہیں، انہوں نے کہاکہ صوبہ کے مسائل کے حل اور آئینی حقوق کے حصول کیلئے بھر پور جدوجہد کی ضرورت ہے چنانچہ اپوزیشن جماعتوں نے اختلافات بالائے طاق رکھ کر متحد ہونے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ اس بات پر بھی اتفاق ہوا ہے کہ باہمی مشاورت اور صلاح مشورے سے تجربہ کار اپوزیشن لیڈر کا چناؤ کیا جائیگا اس مقصد کیلئے عید الاضحیٰ کے بعد اپوزیشن کا اجلاس ہوگا جس میں اپوزیشن لیڈر کا نام فائنل کیا جائیگا، انہوں نے کہاکہ مرکز نے ہمیشہ خیبر پختونخوا کو نظر انداز کیا ہے، بجلی کے نرخ بہت زیادہ ہیں، صوبہ میں بجلی کا پچاس سالہ پرانا ٹرانسمشن لائن ہے، واپڈا ہیڈ کوارٹر بھی لاہور سے اسلام آباد منتقل کرنا ہے جس کیلئے سینیٹ میں قرارداد بھی منظور ہوچکی ہے اس کے علاوہ صوبہ کے تمام اضلاع کی یکساں ترقی اور فنڈز کی منصفانہ تقسیم کے مسائل بھی درپیش ہیں جن کے حل کیلئے بھر پور جدوجہد کی جائے گی۔
تازہ ترین