• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشین گیمز، پاکستان کا ہاکی اور والی بال میں شاندار آغاز

ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے تھائی لینڈ کو 10 گول سے ہرا دیا، محمد عتیق نے 3گول کئےجبکہ ابوبکر اور محمد توثیق کےحصےمیں 2،2 گول آئے۔

جکارتہ میں جاری ایشین گیمز میں پاکستان ہاکی ٹیم نے شاندار آغاز کیا اور پہلے ہی میچ میں تھائی لینڈ کے خلاف10 گول داغ دیئے، گرین شرٹس نے میچ کی ابتداء سے ہی حریف ٹیم کے گول پر تابڑ توڑ حملے کیےاور ہاف ٹائم تک ٹیم کے لیے 0-6کی برتری حاصل ہو گئی، محمد عتیق نے ہیٹ ٹریک کی۔

دوسرے ہاف میں بھی پاکستان نے حریف تھائی لینڈ کے خلاف مزید 4 گول کیے اور میچ 0-10سے اپنے نام کیا۔ابوبکر اور محمدتوثیق نے 2،2 گول کئے، محمد عرفان، علی مبشر اور عرفان محمود نے ایک، ایک گول بنایاتاہم ایونٹ میں پاکستان کا اگلا میچ بدھ کو عمان کے خلاف ہو گا۔

دوسری جانب ایشین گیمز میں پاکستان والی بال ٹیم نے بھی شاندار آغاز کیا ،ٹیم نے منگولیا کے خلاف پہلا میچ اسٹریٹ سیٹس سے جیت لیا۔ پہلے سیٹ میں پاکستان نے 25-16 سے کامیابی حاصل کی جبکہ دوسرا سیٹ 25-19سے جیت کربرتری ڈبل کرلی تاہم تیسرا سیٹ بھی 25- 14 سے پاکستان کے نام رہا، قومی ٹیم کے مراد جان اور مبشر رزاق نے شاندار کھیل پیش کیا۔

ادھر ایشین گیمز مقابلوں میں پاکستان ہاکی اور والی بال میں کامیابی کے بعد ہینڈ بال، کبڈی، ٹینس، ریسلنگ اور شوٹنگ میں اچھے کھیل کا مظاہرہ نہ کرسکیں اور اپنے ابتدائی میچز ہار گئیں۔

جکارتہ میں ایشین گیمز کے ہینڈ بال ایونٹ میں پاکستان اور چائینز تائپے کے درمیان دلچسپ مقابلہ ہوا لیکن گرین شرٹس کو 32 کے مقابلے میں 36 گول سے شکست ہو گئی ۔

ٹینس میں پاکستان نمبر ایک عقیل خان اور عابد علی کو سنگلز مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ،ازبکستان کے کھلاڑی نے عقیل کو 0۔2سے ہرا دیا جبکہ عابد علی کو کورین حریف کے ہاتھوں اسٹریٹ سیٹس میں شکست ہوئی، اوشنا سہیل اور سارا منصور بھی سنگل مقابلے کے بعد ڈبلز ایونٹ میں بھی ہار گئیں، اوشنا اور سارا کی جوڑی کو بھارتی جوڑی نے 0۔2سے شکست دی۔

کبڈی میں پاکستان کو ایران کے ہاتھوں شکست کا سامناہوا، ایران نے 20۔36 پوائنٹس سے کامیابی سمیٹی جبکہ شوٹنگ،روئنگ اور تائی کوانڈو میں بھی پاکستانی ایتھلیٹس فائنل راونڈ کے لیے کوالیفائی نہ کرسکے۔

تازہ ترین