لندن (مرتضیٰ علی شاہ) ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے مطابق پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار پانی کے سنگین بحران کے پیش نظر اوورسیز پاکستانیوں کو ڈیم تعمیر کرنے کی ضرورت سے آگاہ کرنے کیلئے جلد ہی برطانیہ اور بعض یورپی ممالک کا دورہ کریں گے۔ ورلڈ کانگریس کے ایک ترجمان نے بتایا کہ چیف جسٹس چیف جسٹس نے پانی کی قلت اور ڈیمز کی تعمیر کی ضرورت کے نازک مسئلے پر بات کرنے کی دعوت قبول کرلی ہے تاکہ پاکستانی تارکین سے اس مقصد کیلئے رقم جمع کی جاسکے۔ ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے عارف انیس نے بتایا کہ انھوں نے اگلے ضمنی انتخابات میں بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو ووٹ کاحق دینے کے تاریخی فیصلے کے بعد چیف جسٹس سے ملاقات کی تھی، بیرون ملک رہائش پذیر پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دینے کے حوالے سے درخواست سپریم کورٹ کی لاہور رجسٹری میں ورلڈ کانگریس آف اوورسیز پاکستانیز کے ڈاکٹر فرحت صدیقی نے پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان اور دیگر کے ساتھ اپنے وکیل محمد غزنوی کے ذریعہ دائر کی تھی۔ عارف انیس اس مقدمے میں عدالت میں حاضری کیلئے برطانیہ سے پاکستان گئے تھے۔ انھوں نے چیف جسٹس سے ملاقات کے دوران پاکستانی تارکین کی جانب سے انھیں ووٹ دینے کا حق دینے کے اس تاریخی فیصلے پر چیف جسٹس کا شکریہ ادا کیا۔ انھوں نے دی نیوز کو بتایا کہ انھوں نے چیف جسٹس کو اوورسیز پاکستانیوں کی جانب سے پاکستان میں ڈیمز کی تعمیر کیلئے فنڈز جمع کرنے کی کوششوں سے آگاہ کیا اور ان سے برطانیہ، یورپ اورامریکہ کا دورہ کرنے کی درخواست کی۔ انھوں نے کہا کہ پاکستانی تارکین پاکستان میں پانی کی شدید قلت کی خوفناک صورتحال پر پریشان ہیں اور اوورسیز پاکستانی ڈیمز کی تعمیر کیلئے لاکھوں ڈالر کے عطیات دے سکتے ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ چیف جسٹس پاکستان نے شکریہ کے ساتھ ان کی دعوت قبول کرلی اور بتایا کہ اس سے قبل بھی مختلف ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے ڈیمز کی تعمیر کیلئے عطیات دینے کیلئے انھیں دعوت دی تھی لیکن ان تمام ممالک کا دورہ کرنا میرے لئے ممکن نہیں ہے۔ انھوں نے کہا کہ وہ اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے گورنر اور واپڈا کے چیئرمین کے ساتھ اوورسیز پاکستانیوں کو ملک کو درپیش پانی کے بحران کی حساسیت اور اہمیت سے آگاہ کرنے کیلئے ایک ہفتہ کا دورہ کریں گے، توقع ہے کہ چیف جسٹس اکتوبر میں یہ دورہ کریں گے۔