• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ٹھٹھہ، تفریحی مقامات پر عید کے دوسرے اور تیسرے دن ہزاروںافراد کی آمد، منچلے نوجوانوں کا رقص

ٹھٹھہ(نامہ نگار) ٹھٹھہ کے تفریحی مقامات پر لوگوں کا رش، عید کے دوسرے اور تیسرے روز کراچی، اور اندرون سندھ کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے ہزاروں افراد نے تاریخی شاہجہان مسجد، کینجھر جھیل، واٹر پارک، مکلی کے تاریخی مقامات اور دریائے سندھ پر قائم ٹھٹھہ سجاول پل سمیت مختلف مقامات کی سیر کی اور خوب انجوائے کیا۔ تفصیلات کے مطابق عیدالاضحیٰ کے دوسرے اور تیسرے دن کراچی سمیت اندرون سندھ کے مختلف شہروں حیدرآباد، لاڑکانہ، بدین اور دیگر سے ہزاروں کی تعداد میں مرد، خواتین اور بچے پکنک منانے کے لیے کینجھر جھیل پہنچ گئے، یہاں آنیوالوں نے ایک جانب خوبصورت موسم کا مزہ لوٹا تو دوسری جانب جھیل کے ٹھنڈے ٹھنڈے پانی میں نہا کر خوب انجوائے کیا، بچے بڑے سب کشتیوں میں سوار جھیل کی سیر کرتے نظر آئے جب کہ سیکڑوں افراد نے جھیل کے کنارے سے ٹیوب کرائے پر حاصل کرکے جھیل کے پانی میں تیر کر موج مستیاں کیں۔ یہاں آنیوالے اپنے ہمراہ میوزک سسٹم بھی لائے تھے گانوں کی دھن پر منچلے نوجوانوں نے خوب رقص کیا اور سیلفیاں بھی بنائیں، جبکہ بعض لوگوں نے جھیل کے کنارے پر ہی قربانی کے گوشت سے مختلف ڈشز پکا کر کھائیں، کینجھر جھیل کے علاوہ مکلی قبرستان میں واقع تاریخی مقابر، جامع مسجد شاہجہان، دریائے سندھ پر قائم ٹھٹھہ سجاول پل اور واٹر پارک سمیت دیگر تفریحی مقامات پر بھی لوگوں کا رش دیکھنے کے قابل تھا۔

تازہ ترین