لاہور،گجرات (نمائندہ جنگ ) پاکستان مسلم لیگ کے صدر قائم مقام گورنر پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ ملک کو بہتری کی طرف لانا ہر پاکستانی کا فرض ہے اور اس کیلئے سب کو دل و جان سے کوشش کرنا ہو گی، پاکستان کو درپیش چیلنجز پر قابو پانے کیلئے ہمیں وزیراعظم عمران خان کا بھرپور ساتھ دینا ہو گا۔ وہ گجرات میں چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، حسین الٰہی، محمد الٰہی، خاندان کے دیگر افراد اور مسلم لیگی رہنماؤں و کارکنوں کے ہمراہ نماز عید کی ادائیگی، اپنے بزرگوں کی آخری آرامگاہوں پر حاضری اور لوگوں کی بڑی تعداد سے عید ملنے کے بعد میڈیا سے گفتگو کر رہے تھے۔ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ22 سال کی طویل جدوجہد کے بعد عمران خان اقتدار میں آئے ہیں، ہمیں ان کا مکمل طور پر ساتھ دینا ہو گا۔ انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ عمران خان اس ملک کے 22 ویں وزیراعظم ہیں لیکن پہلے وزیراعظم ہیں جو عوام کے ووٹ کی طاقت سے آگے آئے ہیں اس سے قبل مجھ سمیت جتنے بھی وزیراعظم تھے انہیں لایا گیا تھا اس لیے ہم سب کا فرض ہے کہ ملک کی خوشحالی و ترقی کیلئے ان کے اقدامات میں ممد و معاون ثابت ہوں۔