سکھر (بیورو رپورٹ) پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ مقابلہ، دو ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار، اسلحہ برآمد، ڈاکوؤں کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب، گرفتار ڈاکو پولیس کو سنگین مقدمات میں مطلوب تھے۔ پولیس ترجمان کے مطابق ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ کو خفیہ اطلاع ملی تھی کہ ڈاکوؤں کے دو گروہ تھانہ بائجی اور تھانہ روہڑی کی حدود میں واردات کی نیت سے موجود ہیں جس پر پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئیں ، تھانہ روہڑی کی حدود داریواہن میں پولیس پارٹی نے ڈاکوؤں کا گھیراؤ کیا تو ڈاکوؤں نے پولیس پر فائرنگ کردی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک ڈاکو امتیاز کو زخمی حالت میں گرفتارکرلیا گیا ،ایک اور کارروائی میں پولیس نے تھانہ بائجی کی حدود میں واردات کی نیت سے موجود ملزمان کا گھیراؤ کیا تو ملزمان نے فائرنگ کی، پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی اورایک ملزم جس کی شناخت عمیر کے نام سے ہوئی ہے کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے دو ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ پولیس کے مطابق گرفتار ڈاکو پولیس کو چوری، ڈکیتی، پولیس مقابلوں جیسے سنگین مقدمات میں مطلوب تھے، فرار ہونے والے ڈاکوؤں کی گرفتاری کے لئے پولیس پارٹیاں تشکیل دی گئی ہیں جو ڈاکوؤں کا تعاقب کررہی ہیں اور فرار ہونے والے ڈاکوؤں کو بھی جلد گرفتارکرلیا جائے گا۔ جبکہ روہڑی اور صالح پٹ تھانوں کی حدود میں جوا کھیلنے میں ملوث 9ملزمان کو گرفتار کرلیا، روہڑی تھانے کی حدود میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے آکڑا پرچی کے ڈیلر اور ایک جواری کو گرفتارکیا ہے، جبکہ صالح پٹ تھانے کی حدود میں پولیس نے جوا کے اڈے پر چھاپہ مار کر 7جواریوں کو گرفتار کر کے جوا میں لگی ہوئی ہزاروں روپے کی رقم اور دیگر سازوسامان تحویل میں لے لیا۔ گرفتار ملزمان میں ملازم، تصور، بخت، ریاض، فیض محمد ، علی رضا، عبدالخالق، عبدالرفاقت ودیگر شامل ہیں۔گرفتار ملزمان کے خلاف متعلقہ تھانوں میں مقدمات درج کر لئے گئے ہیں۔ ایس ایس پی سکھر سید اسد رضا شاہ کی جانب سے پولیس مقابلوں اور جوا کے اڈوں کے خلاف کارروائی کرنے والی پولیس پارٹیوں کے لئے انعامات اور تعریفی اسناد کا اعلان کیا گیا ہے۔