• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کوئٹہ کی خاتون کھلاڑی کی ایشین گیمز میں شاندار کارکردگی

انڈونیشیا میں جاری 18 ویں ایشین گیمز میں کوئٹہ سے تعلق رکھنےوالی خاتون کھلاڑی نے میدان مار لیا، کھیلوں کے کراٹے ایونٹ میں پاکستان سے پہلی بار کسی خاتون کھلاڑی نے براؤنز میڈل جیت کر تاریخ رقم کر دی۔

ایشین گیمز کے کراٹے ایونٹ میں گزشتہ روز پاکستانی کراٹے ٹیم کی کھلاڑی نرگس نے نیپال کی کھلاڑی کو شکست دے کربراؤنز میڈل حاصل کیا تھا۔

نرگس کاتعلق کوئٹہ کے ہزارہ قبیلے سے ہے، کوئٹہ کےعلاقے ہزارہ ٹاؤن کی رہائشی نرگس ہزارہ شوتوکان کراٹے اکیڈمی میں تربیت حاصل کرتی رہی ہیں۔

نرگس کو کراٹےمیں قومی چیمپئن ہونے کا اعزاز بھی حاصل ہے، انہوں نے گزشتہ سال ساؤتھ ایشین کراٹےچیمپئن شپ میں بھی گولڈمیڈل حاصل کیا تھا۔

میڈل جیتے کےبعد ایک بیان میں نرگس کا کہناتھا کہ اولمپک گیمزمیں شرکت ان کا خواب ہے، وہ اولمپک میں کوالیفائی کرکے پاکستان کا سبز ہلالی پرچم مزید سربلند کرنا چاہتی ہیں۔

نرگس کی کامیابی پر صدر پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ سید عارف حسن نے نرگس کو مبارکباد دیتے ہوئے ان کی کامیابی کو پاکستان میں خواتین کھلاڑیوں کےلئےسنگ میل قرار دیا، ان کا کہناتھا کہ نرگس کی کامیابی نےثابت کیا کہ اگرحوصلہ بلندہوتو کامیابی کاحصول ممکن ہے۔

تازہ ترین