سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر 11ماہ سے مفلوج نکاسی آب کے نظام کو درست نہ کیا جاسکا، شاہراہ کے بالکل درمیان میں کی گئی کھدائی سے شاہراہ سکڑ کر چھوٹی ہونے سے ٹریفک جام کا مسئلہ بھی سر اٹھارہا ہے جبکہ سیوریج کا نظام مفلوج ہونے سے گٹروں و نالیوں کا پانی سڑک پر جمع رہنا بھی روز کا معمول بنا ہوا ہے، جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت متاثر اور شہریوں کو بھی آنے و جانے میں مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے شہر کے بیشتر علاقوں میں مفلوج رہنے والے نکاسی آب کے نظام کو بہتر نہیں بنایا جاسکا ہے، شہر کے اہم رہائشی و تجارتی علاقوں اور شاہراہوں پر نکاسی آب کا نظام اکثر و بیشتر مفلوج رہتا ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ میونسپل انتظامیہ کی جانب سے 11ماہ قبل شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے جیم خانہ کے گیٹ سے لیکر مکی مسجد تک شاہراہ شاہراہ کے بالکل درمیان میں کھدائی کرکے ایک نالی بھی بنائی گئی ہے مگر اس کے باوجود مذکورہ شاہراہ پر سیوریج کا نظام بہتر نہیں ہوسکا ہے، اکثر و بیشتر سیوریج کا گندا پانی سڑک پر جمع رہتا ہے، انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے کیے جانیوالے اقدامات شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن گئے ہیں، مینارہ روڈ شہر کے وسط میں واقع اہم ترین شاہراہ ہے، یہ شاہراہ سکھر و روہڑی کے درمیان چلنے والی ٹریفک کی مین گزرگاہ بھی ہے، یہی وجہ ہے کہ اس شاہراہ پر ٹریفک کی آمد و رفت دیگر شاہراہوں کے مقابلوں میں زیادہ ہے۔ شاہراہ پر کی گئی کھدائی کے باوجود سیوریج کا نظام بہتر نہ ہونا میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی کارکردگی پر سوالیہ نشان ہے۔ اس حوالے سے شہری و عوامی حلقوں کا کہنا ہے کہ میونسپل کارپوریشن انتظامیہ شہر میں صفائی و ستھرائی کی ابتر صورتحال اور مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے میں ناکام ہوچکی ہے، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب شہر کے کسی علاقے میں سیوریج کا نظام مفلوج ہونے سے گندا پانی سڑکوں پر جمع نہ ہوتا ہے جبکہ شہر کا کوئی علاقہ ایسا نہیں جہاں پر گند وکچرے کے ڈھیر نہ لگے ہو، یہ تمام تر صورتحال میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی ناقص کارکردگی کا منہ بولتا ثبوت پیش کررہی ہے۔ انہوں نے کمشنر سکھر ڈویژن ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ شہر میں صفائی کی ابتر صورتحال، مفلوج نکاسی آب کے نظام کو نوٹس لیکر صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات کئے جائیں تاکہ عوام کو ریلیف مل سکے۔