• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نڈال، فیڈرر ،جوکووچ اور ایندی مرے میں ٹائٹل کی جنگ، یو ایس اوپن ٹینس کا آج آغاز

نیویارک (نیوز ایجنسیز) سال کے چوتھا اور آخری گرینڈ سلم ٹینس ٹورنامنٹ یو ایس اوپن کا آغاز پیر سے فلشنگ میڈوز، نیویارک میں ہوگا۔ جس میں دنیائے ٹینس کے نامور مرد و خواتین مختلف کیٹگریز کے مقابلوں میں ٹائٹلز کے حصول کیلئے اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھائیں گے۔ رافیل نڈال مینز سنگلز اور سلوئن اسٹیفنز ویمنز سنگلز میں اعزازات کا دفاع کریں گی۔ یہ یو ایس اوپن کا 138واں ایڈیشن ہے۔ میگا ایونٹ میں مجموعی طور پر 53 ملین امریکی ڈالر کی انعامی رقم تقسیم کی جائے گی۔ چیمپئنز کو مساوی طور پر 38 لاکھ ڈالر، فائنل ہارنے والے کھلاڑیوں کو 18لاکھ 50ہزار ڈالر، جبکہ سیمی فائنلسٹس کو فی کس 9لاکھ 25 اور کوارٹر فائنل تک رسائی پانے والے خوش نصیب 4لاکھ 75 ہزار ڈالر کی خطیر رقوم حاصل کریں گے۔9 ستمبر تک جاری رہنے والے میگا ایونٹ میں نامور مردوخواتین کھلاڑی ایکشن میں دکھائی دیں گے، اسپینش اسٹار اور عالمی نمبر ایک رافیل نڈال جو کہ ٹاپ سیڈ ہیں ہم وطن کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کے خلاف مہم کا آغاز کریں گے، فیرر کو دو مرتبہ سیمی فائنل کھیلنے کا اعزاز حاصل ہے، سوئس اسٹار اور ریکارڈ 20 مرتبہ کے گرینڈ سلم چیمپئن راجر فیڈرر اور نوواک جوکووچ کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے، فیڈرر پہلے راؤنڈ میں حریف جاپانی کھلاڑی نیشوکا کے مدمقابل ہوں گے جبکہ سربین اسٹار نوواک جوکووچ ہنگری کے مارٹن کے خلاف مہم شروع کریں گے، اینڈی مرے کو نڈال کے گروپ میں رکھا گیا ہے اور انہیں پہلے راؤنڈ میں حریف آسٹریلوی کھلاڑی جیمز ڈکورتھ کا چیلنج درپیش ہو گا، دوسری جانب عالمی نمبر ایک رومانوی کھلاڑی اور ٹاپ سیڈ سیمونا ہالیپ کایا کنیپی کے خلاف مہم شروع کریں گی، امریکن اسٹار سرینا ولیمز کو پہلے راؤنڈ میں لینٹ کا چیلنج درپیش ہو گا جبکہ تیسرے راؤنڈ میں انہیں اپنی بہن وینس ولیمز کا سامنا ہو سکتا ہے، وینس روسی کھلاڑی سوتیلانا کزنٹسوا کے خلاف مہم کا آغاز کریں گی، آرگنائزرز کا کہنا ہے کہ ایونٹ کے کامیاب اور یادگار انعقاد کو یقینی بنانے کیلئے تمام تر انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔طویل عرصے بعد ٹینس کی دنیا کے پانچ بڑے اسٹارز راجر فیڈرر، رافیل نڈال، نوواک جوکووچ، اینڈی مرے اور سرینا ولیمز ایک ساتھ ایکشن میں نظرآئیں گے۔ یہ پانچوں چیمپئنز انجریز سمیت مختلف وجوہات کے بنا پر ٹورنامنٹس میں شرکت نہیں کرپارہے تھے۔ سرینا ولیمز کیریئر کے 24 ویں گرینڈ سلم ٹورنامنٹ کے حصول کی کوشش کریں گی، اگر وہ کامیاب ہوگئیں تو عالمی ریکارڈ برابر کرلیں گی۔ مبصرین کے مطابق مذکورہ بالا تمام کھلاڑی کیریئر کے اختتام کے قریب ہیں۔ اس لیے رواں برس مقابلے زیادہ پرکشش ہوسکتے ہیں۔ سرینا چھ بار چیمپئن بن چکی ہیں۔ راجر فیڈرر نے 2004 سے 2008 تک مسلسل پانچ بار ٹائٹل حاصل کیا ہے۔ نڈال نے تین بار ٹرافی حاصل کرنے کا اعزاز حاصل کیا ہے۔ جبکہ جوکووچ کو دو بار اینڈی مرے کا ایک مرتبہ چیمپئن بننے کا اعزاز مل چکا ہے۔
تازہ ترین