نیویارک (جنگ نیوز) سابق نمبر ایک کھلاڑی امریکا کی سیرینا ولیمز نے پیر سے شروع ہونے والے گرینڈ سلم یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ میں فاتحانہ آغاز کرتے ہوئے آسان جیت کے ساتھ دوسرے مرحلے میں جگہ بنالی جبکہ ان کی بڑی بہن وینس نے سابق چیمپئن سویتلانا کزنٹسووا کو سخت مقابلے میں شکست دیکر باہر کا راستہ دکھایا۔ سیرینا نے اپنے کیریئر کے 24ویں گرینڈ سلم کو حاصل کرنے کی جانب قدم بڑھاتے ہوئے خواتین سنگلز کے پہلے راؤنڈ میں میگڈا لینیٹ کے خلاف ٹورنامنٹ کے افتتاحی راؤنڈ میں دلچسپ مقابلے کے بعد پہلا سیٹ6-4 سے جیتا۔ دوسرے سیٹ میں سرینا ولیمز نے اپنی حریف کو جم کر کھیلنے کا موقع نہ دیا، اس بار انہوں نے با آسانی6-0سے کامیابی حاصل کر کے دوسرے راؤنڈ کا ٹکٹ کٹوا لیا۔ خواتین سنگلز کے دیگر میچز میں کیرولینا پلسکووا، ایلیز مرٹنز، ایرینا بیگو، وانیا کنگ، ایکاترینا مکارووا، ایشلے بارٹی، جیورجی، گوریلووا، جولیا جارجز، ماریا سیکاری، لوسی سفارووا، باربورا اسٹرائیکووا اور سیواستووا بھی اپنی اپنی حریفوں کو ہرا کر دوسرے رائونڈ میں پہنچ گئیں۔ مینز سنگلز میں سوئٹزرلینڈ کے اسٹین واورنکا نے بلغاریہ کےگریگوردیمتریف کو اپ سیٹ شکست دی۔ دیمتروف نے بھی شکست کا غصہ ریکٹ توڑکرنکالا۔ برطانیہ کے اینڈی مرے آسٹریلیا کے جیمز ڈک ورتھ کوہراکردوسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے۔دریں اثنا پہلے رائونڈ میچز میں دفاعی چیمپئن رافیل نڈال ہم وطن کھلاڑی ڈیوڈ فیرر کے ریٹائرڈ ہونے کی وجہ سے فاتح قرار پائے، پہلے سیٹ میں نڈال 6-3 سے کامیاب رہے تھے، دوسرے سیٹ میں فیرر کو 4-3 کی برتری حاصل تھی لیکن انجری کے باعث وہ میچ مکمل نہ کر سکے۔ ارجنٹائن کے یوآن مارٹن ڈیل پوٹرو نے حریف امریکن کھلاڑی ڈونلڈ ینگ کو ہرا کر ایونٹ سے باہر کر دیا، جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن نے امریکا کے ریان ہیریسن کو سخت مقابلے کے بعد 7-6، 5-7، 4-6، 6-3 اور 6-4 سے ہرا کر دوسرے رائونڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔