• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم سے اختلاف، مگر امریکا کو انہیں ڈو مور کہنے کی اجازت نہیں دینگے، رضا ربانی

اسلام آباد (نمائندہ جنگ، اے پی پی)سینیٹر رضا ربانی نےکہا ہے کہ ہمارے وزیراعظم سے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر ہم امریکا کو انہیں ڈومور کہنے کی اجازت نہیں دینگے، ہم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ وہ سینیٹ میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کر رہے تھے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ رضا ربانی نے اہم نکات اٹھائے ہیں خارجہ پالیسی کی تشکیل میں پارلیمنٹ سے رہنمائی لی جائے گی، نیشنل ایشوز پر پارٹی سے بالاتر ہو کر سوچنا ہوگا، ملکی مفاد پر تمام جماعتیں یکساں موقف رکھتی ہیں، پارلیمنٹ کی آواز امریکا تک پہنچائیں گے، وزیراعظم عمران خان اور امریکی وزیر خارجہ مائیک پومپیو کی ٹیلی فونک گفتگو سے متعلق امریکی محکمہ خارجہ کی پریس ریلیز حقائق کے برعکس ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ 5ستمبر کو امر یکاکے وزیر خارجہ پاکستان کے دورے پرآرہے ہیں،پاک امر یکا تعلقات کو ہم نے بہتری کی طرف موڑنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر خارجہ کے ٹیلی فون کے حوالے سےجو تنازع سامنے آیا ہےمیں پہلے ہی اس وضاحت کر چکا ہوں، ان کا پریس ریلیز حقیقت کے برعکس ہے۔ اس سےقبل سینیٹر رضا ربانی نے نکتہ اعتراض پر شدید جذباتی انداز میں بات کرتے ہوئے کہا کہ پاک امریکا تعلقات کے حوالے سے 17اگست کو ایک قرارداد جمع کرائی تھی آج کا ایجنڈا بھی درست نہیں، توجہ دلاؤ نوٹس پہلے ہونا چاہئے تھا باقی برنس بعد میں ہونا چاہئے کیا حکومت اپوزیشن کو اس طرح خاموش کرانا چاہتی ہے،کیا سینیٹ سیکرٹریٹ بھی جانبداری سے کام لے رہا ہے تمام برنس سرکاری ارکان کا ہے امر یکا کے سیکرٹری خارجہ آرہے ہیں آئی ایم ایف سے قرضے کا مسئلہ بھی ہے، یہ سنجیدہ ایشوز ہے ہمارے وزیراعظم سے اختلافات ہو سکتے ہیں مگر ہم ڈومور کا امر یکا مطالبہ کبھی نہیں قبول کرینگے ہم نے اس جنگ میں بے شمار قربانیاں دی ہیں۔ دریں اثنا وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ وہ اقوام متحدہ میں توہین آمیز خاکوں کا معاملہ اٹھائیں گے،یہ ہمارے ایمان کا معاملہ ہے، ڈچ وزیر خارجہ کومسلمانوں کے جذبات سے آگاہ کیا جائیگا۔ ایوان بالا میں سینیٹر بیرسٹر سیف کی جانب سے انٹرنیٹ پر نازیبا اور توہین آمیز مواد پوسٹ کرنے سے متعلق تحریک پر بحث سمیٹتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کسی پاکستانی کو اس تحریک سے اختلاف نہیں، حتیٰ کہ غیر مسلم ممبران نے بھی اس معاملے پر حمایت کی ہے۔
تازہ ترین