اسلام آباد (نمائندہ جنگ)عدالت عظمیٰ نے ʼʼگن اینڈ کنٹری کلب کی اراضی کی الاٹمنٹ میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے حوالے سے ازخود نوٹس کیس‘‘ نمٹا دیاہے۔چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پرمشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روز از خود نوٹس کیس کی سماعت کی توڈپٹی اٹارنی جنرل نے گن اینڈ کنٹری کلب کی اراضی سے متعلق رپورٹ عدالت میں جمع کرواتے ہوئے بتایا کہ حکومت کی جانب سے قائم کی گئی عبوری مینجمنٹ کمیٹی نے کلب کا انتظام و انصرام سنبھال لیا ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ اگر ایسا ہے تو کلب کے معاملات کو زیر التوا نہیں رکھنا چاہئے،عبوری منیجمنٹ کمیٹی کلب کے معاملات کو دیکھے۔ انہوں نے کہا کہ اگر پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی )کو زمین چاہیے تو وہ سی ڈی اے سے رابطہ کرے اورسی ڈی اے بھی قانون کے مطابق ہی پاکستان کرکٹ بورڈ کی اراضی کے معاملے کا جائزہ لے ،بعدازاں فاضل عدالت نے رپورٹ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ازخود نوٹس نمٹا دیاہے۔