اسلام آباد(خبر نگار خصوصی)سمندر پار پاکستانیز فاونڈیشن ( اوپی ایف) کے چیئرمین کی تعیناتی قواعد و ضوابط سے ہٹ کر کی گئی ،ادارے میں کرپشن کی جا رہی ہے ، وزیراعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان نوٹس لیں ہم ثبوت دیں گے ۔ان خیالات کا اظہار اوپی ایف بورڈ آف گورنرز کے معزول ممبر جہانگیر منہاس نے نیشنل پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ اْنہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی ملک کی معیشت میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتے ہیں لیکن بدقسمتی سے بیورو کریسی نے ان کے مال پر لوٹ مارکا بازار گرم کر رکھا ہے، صورتحا ل یہ ہے کہ اس دارے کے بجٹ کا 70فیصد انتظامی امور جبکہ صرف 30فیصد سمندر پار پاکستانیوں کی ویلیفئر پر خرچ کیا جا رہا ہےاور اس 30فیصد میں سے بھی بڑا حصہ کرپشن کی نذر ہو رہا ہے ۔ او پی ایف کے 24میں سے میں سے 18تعلیمی ادارے خسارے میں چل رہے ہیں صرف مظفر آباد ، کوٹلی اور میرپور کے تعلیمی اداروں کا خسارہ 18کروڑ روپے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں پہلی بار غیر جانبدار بورڈ آف گورنرز کا قیام عمل میں لایا گیا لیکن بدقسمتی سے بیوروکریسی نے اسے غیر فعال کرتے ہوئے کرپشن کا نیاراستہ کھول لیا ہے، 25مئی کو ہم نے بورڈ آف گورنرزکا اجلاس کیا 28مئی کو بورڈ کے پانچ ممبرز کو ہٹانے کی سمری بھجوائی گئی اور 30کو ہمیں ہٹا کر ڈپٹی سیکرٹری کے محض آفس آرڈر پر ایک شخص کو چیئرمین تعینات کر دیا گیا حالانکہ رولز کے تحت وزارت کسی کو چیئرمین تعینات نہیں کر سکتی البتہ وہ نام تجویز کر سکتی ہے جس کی منظوری بورڈ آف گورنرز اور وزیراعظم سے لینا لازم ہے جبکہ اس ضمن میں پیپرا رولز کی بھی خلاف ورزی کی گئی ہے ۔ہائی کورٹ میں کیس زیر سماعت ہے امید ہے کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا ۔ادارہ میں تین لاکھ سے لیکر پانچ لاکھ تک ماہانہ تنخواہ پر من پسند افراد کو بھرتی کرکے نوازا جارہا ہے جب کی انکی کاررکردگی صفر ہے ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ او پی ایف زون فائیو ہاوسنگ سوسائٹی سے صرف مٹی اْٹھانے کا ٹھیکہ 16کروڑ روپے کا دیا گیا ۔ اْنہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان اور چیف جسٹس آف پاکستان اس صورتحا ل کا نوٹس لیں ہم سارے ثبوت پیش کریں گے ۔