• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یو ایس ٹینس، اینڈی مرے کا سفر دوسرے رائونڈ میں ختم

نیویارک (جنگ نیوز ) برطانیہ کے سابق عالمی نمبر ایک اینڈی مرے کا یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے دوسرے ہی راؤنڈ میں سفر تمام ہو گیا، انہیں اسپین کے غیر معروف کھلاڑی فرنینڈو نے شکست دی۔اسپینش کھلاڑی نے سخت مقابلے کے بعد پہلا سیٹ7-5 سے جیتا۔ اینڈی مرے نے کم بیک کر کے دوسرا سیٹ 6-2 سے اپنے نام کر کے مقابلہ برابر کر دیا،لیکن فرنینڈو نے دو سیٹ لگاتار جیت کر برطانوی اسٹار کو ایونٹ سے باہر کر دیا۔ خواتین سنگلز میں امریکا کی سابق عالمی نمبر ایک سرینا ولیمز اور انکی بڑی بہن وینس ولیمز، استونیا کی کایا کنیپی اور سویڈن کی ربیکا پیٹرسن تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئیں۔ جمعرات کو دوسرے راؤنڈ میچز میں سرینا ولیمز نے حریف جرمن کھلاڑی کارینا ویتھوفٹ کو اسٹریٹ سیٹس میں 6-2 اور 6-2 سے ہرادیا۔ وینس ولیمز نے اٹلی کی کامیلا کو سخت مقابلے کے بعد ٹائی بریک پر 6-4 اور 7-5 سے شکست دی، دونوں بہنیں تیسرے رائونڈ میں مدمقابل ہونگی۔ استونیہ کی کایا کنیپی نے حریف سوئس کھلاڑی کو 6-4 اور 6-3کی شکست فاش سے دوچار کیا۔ سویڈن کی ربیکا پیٹرسن نے امریکا کی وانیا کنگ کو زیر کیا۔ ادھر اسپین کے عالمی نمبر ایک رافیل نڈال، ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو، امریکا کے جان اسنر تیسرے راؤنڈ میں پہنچ گئے ۔ رافیل نڈال نے کینیڈین کھلاڑی پوسپیسل کو 6-3، 6-4 اور 6-2 سے، ارجنٹائن کے جان مارٹن ڈیل پوٹرو نے امریکن کھلاڑی کودلا کو 6-3،6-1 اور 7-6(7-4)، جنوبی افریقا کے کیون اینڈرسن نے فرانس کے جریمی چارڈے کو 6-2، 6-4 اور 6-4 ، امریکا کے جان اسنر نے چلی کے جیری کو شکست دی۔
تازہ ترین