• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ضمنی الیکشن،خاقان عباسی، شجاعت، سعدرفیق،فیصل سبزواری اور دیگر کے کاغذات جمع

لاہور،گجرات(نمائندگان جنگ) عام انتخابات کے بعد ضمنی الیکشن کی تیاریاں جاری،خاقان عباسی،شجاعت ،سعدرفیق،فیصل سبزواری اوردیگر کے کاغذات جمع کرادئے،این اے 124 کیلئے شاہد خاقان عباسی، محمد خان مدنی، این اے 131 میں کرنل جاوید مجتبی، ولید اقبال، سعد رفیق ،غزالہ سعد اور کرن علیم خان سمیت 16 امیدوار میدان میں ہیں،، لاہور سے دو قومی اور دو صوبائی نشستوں کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا،لاہور کے قومی اسمبلی کے دوحلقوں کیلئے 59 جبکہ صوبائی اسمبلی کی دو نشستوں پر73 امیدوارمیدان میں آگئے ۔ یاد رہے این اے 124 کی نشست نون لیگ کے امیدوار حمزہ شہبازنے چھوڑی تھی۔ جس پر سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اور عابد شیر علی نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے محمد خان مدنی، قیصر احمد نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ پی ٹی آئی کی جانب سے این اے 131 میں ولید اقبال، ابرار الحق، سعد رفیق اور کرن علیم خان اور غزالہ سعد رفیق سمیت 16 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔ ضمنی الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا وقت ختم ہو گیا۔ تاہم امیدواروں کی فہرستیں سکروٹنی کے بعد کل آویزاں کی جائیں گی۔ پی پی 164 سے مسلم لیگ ن کی جانب سے زین شوکت نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔یہ نشست میاں شہباز شریف نے خالی کی ہے۔پی پی 164 سے پی ٹی آئی کی جانب سے اعجاز ڈیال نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔این اے 124سے مسلم لیگ ن کی جانب سے سیف الملوک کھوکھر نے کاغذات نامزدگی جمع کروا دئیے۔لاہور کے حلقہ این اے 131 کیلئے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے لئےریٹرننگ آفیسر نے خواجہ سعد رفیق اورغزالہ سعد رفیق کو 4 ستمبر کو طلب کر لیا ہے۔ ریٹرننگ افسر نے کرن عبدالعلیم خان کو 3 ستمبر کو طلب کر لیا۔مسلم لیگ ن کی رہنما عظمی بخاری نے این اے 131 سےکاغذات نامزدگی جمع کروا دیے ۔ پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکریٹری پنجاب کرنل جاوید مجتبی نے این اے 131 لاہور کے ضمنی انتخابات کے لئے اپنے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے ۔کرنل جاوید مجتبی نے تحریک انصاف کو بنانے اور منظم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ کرنل جاوید مجتبی نے پاکستان آرمی میں کئی نمایاں عہدوں پر فائز رہے۔ ان کے آبائی حلقے سرائے عالمگیر کی ترقی میں انہوں نے بنیادی کردار ادا کیا۔ ان کی سیاست کا مقصد پاکستان خصوصا حلقہ 131 کے مظلوم اور پسے ہوئے طبقات کی ترقی کے لئے کام کرنا ہے۔ این اے 65 تلہ گنگ سے ضمنی انتخابات کیلئے پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے اپنی جماعت اور پاکستان تحریک انصاف کے مشترکہ امیدوار کی حیثیت سے کاغذات نامزدگی داخل کر دئیے گئے ہیں۔ اس حلقہ سے عام انتخابات میں چودھری پرویزالٰہی بھاری اکثریت سے منتخب ہوئے تھے جنہوں نے بعد ازاں یہ نشست چھوڑ دی تھی۔ چودھری شجاعت حسین کو دونوں جماعتوں کے رہنماؤں و کارکنوں، سابق ارکان اسمبلی کے علاوہ عمائدین علاقہ اور ہر شعبہ حیات سے تعلق رکھنے والی ممتاز شخصیات اور عوام کی حمایت حاصل ہے۔ چودھری سالک حسین کے کاغذات نامزدگی بھی اسی نشست کیلئے داخل کئے گئے ہیں جو متبادل امیدوار ہیں۔ کاغذات نامزدگی داخل کراتے وقت پاکستان مسلم لیگ و تحریک انصاف کے رہنماؤں، منتخب بلدیاتی نمائندوں اور معززین علاقہ کی بڑی تعداد موجود تھی جنہوں نے اس حلقہ سے چودھری شجاعت حسین جیسی شخصیت کے الیکشن لڑنے کا دلی طور پر خیر مقدم کیا اور کہا کہ خاص و عام ان کی مکمل حمایت کریں گے اور وہ بھاری اکثریت سے کامیاب ہوں گے۔
تازہ ترین