• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اٹک،تلہ گنگ اور گوجرخان کے جی پی اوز کی کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل

اسلام آباد(اپنے رپورٹر سے)پاکستان پوسٹ نے اٹک،تلہ گنگ اور گوجرخان کے جی پی اوز کی کمپیوٹرائزیشن کا کام مکمل کرلیا ۔جبکہ آئندہ دو ہفتوں میں راولپنڈی،چکوال اور کہوٹہ کے جی پی اوز کی آٹو میشن کا کام بھی مکمل ہوجائے گا۔ پوسٹ ماسٹرجنرل شمالی پنجاب سرکل راولپنڈی حافظ ظفر علی ملک نے بتایا کہ آٹو میشن مکمل ہونے کے بعد سیونگز بنک آپریشنز آن لائن ہوجائیں گے۔جس سے سرکل کے ڈیڑھ لاکھ اکائونٹ ہولڈرز کو جدید سہولت کی فراہمی سے ورکنگ میں بہتری آجائے گی ۔انہوں نے بتایا کہ آٹو میشن کا کام تیلکو نیٹ کمپنی کے اشتراک سے مکمل کیا جارہا ہے۔ آن لائن آپریشنز سے سروسز کی فراہمی کی بہتری کے ساتھ ساتھ وقت کی بچت بھی ہوگی۔باخبر ذرائع کے مطابق پاکستان پوسٹ کی آٹومیشن کا کام تیلکو نیٹ نامی کمپنی طویل عرصے سے کررہی ہے۔کمپنی نے پاکستان پوسٹ کیلئے سپیشل سافٹ ویئر تیار کیا تھالیکن سپیشل سیونگز اکائونٹس کی شرح منافع کے حساب کتاب میں سافٹ ویئر کے حوالے سے شکایات سامنے آئی تھیں جس سے نمٹنے کیلئے پاکستان پوسٹ کے اعلی حکام نے کمپیوٹر کے ساتھ ساتھ مینوئل طریقے سے بھی کام جاری رکھاہوا تھا۔سیونگز بنک اکائونٹس میں غلطیوں کے حوالے سے اسلام آباد سرکل،کراچی سرکل،ناردرن پنجاب سرکل سمیت تقریبا پاکستان بھر میں شکایات سامنے آئیں جس کا نوٹس پاکستان پوسٹ کے اعلی حکام نے لیا اور اس کومتعلقہ کمپنی کے ساتھ اٹھایا تھا۔ذٓرائع کے مطابق کمپیوٹر کےذریعے حاصل ہونے والے ڈیٹا اور مینوئل طریقے سے لیے جانے والے ڈیٹا میں فرق سے مسائل پیدا ہوئے تھے۔جس کے بعد کمپیوٹر سافٹ ویئر کو اپ گریڈ کرکے بہتر کیا گیا تھا۔ سیونگز اکائونٹس کے منافع کے حساب کتاب میں کمپیوٹر پروگرام کے ایڈیشن فور میں مسائل تھے۔لیکن ایڈیشن فائیو اور ایڈیشن سکس بھی آگیا تھاجس سے مسائل پر قابو پالیا گیا تھا۔
تازہ ترین