اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار )جبری لاپتہ افراد کے عالمی دن کے موقع پر جمعرات کو ڈیفنس آف ہیومن رائٹس کے زیراہتمام ڈی چوک میں پرامن احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ احتجاجی مظاہرے میںو فاقی وزیر برائے انسانی حقوق ڈاکٹر شیریں مزاری نے شرکت کی اور کہاکہ جبری گمشدگی کو قانونی جرم قرار دیا جائے گا۔وفاقی وزیر انسانی حقوق نے کہا کہ اب تک کے لاپتہ افراد کا مسئلہ حل کرنے کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز کو ایک میز پر بٹھایا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف جنگ کے دوران لوگوں کو لاپتہ کیا گیا، اب جب اس جنگ کا اختتام ہونے جارہا ہے تو اس مسئلے کا بھی اختتام ہونا چاہئے۔ شیریں مزاری نے کہا کہ جن پر کوئی جرم ہے انہیں عدالتوں میں پیش کیا جائے ، جومر گئے ہیں ان کا بتا دیا جائے اور جو دہشتگردوں کے ساتھ چلے ہیں ان کا بھی بتادیا جائے۔جمہوری حکومت اب جبری گمشدگی نہیں ہونے دی جائے گی ۔