ٹھٹھہ(نامہ نگار)ٹھٹھہ اور مکلی کے درمیان مرکزی قومی شاہراہ کے کنارے جھونپڑیوں میں بڑی تعداد میں قائم فحاشی کے اڈوں نے نوجوانوں کو بے راہ روی کی جانب راغب کرلیا ہے۔اخلاق باختہ خواتین سڑک کے کنارے کھڑے ہوکر آنے جانے والی گاڑیوں پر سوار شہریوں، خصوصاً نوجوانوں کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہیں اشارے کرتیں ہیں جس کے باعث بعض اوقات ٹریفک حادثات بھی رونما ہوتے ہیں۔ قومی شاہراہ پر واقع ان فحاشی کے اڈوں سے چند قدم کے فاصلے پر مختار کار کا دفتر بھی ہے جبکہ پولیس افسران اور اہلکاروں کے علاوہ تمام ضلعی افسران اور عوامی نمائندے اس شاہراہ سے روزانہ گزرتے ہیں لیکن اس کے باوجود ان خواتین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی ہے اور رات کے اوقات میں گزرنے والی گاڑیوں کو موبائل فون لائٹ کے ذریعہ اپنی جانب متوجہ کیا جاتا ہے۔ طویل عرصہ سے جاری اس غیر اخلاقی کاروبار سے کئی زندگیاں تباہ ہوگئی ہیں جبکہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پولیس کی سرپرستی میں یہ اڈے کام کر رہے ہیں اس لیے ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی جاتی۔ مختلف سیاسی و سماجی تنظیموں اور سول سوسائٹی کے نمائندوں نے اعلی حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر ان اڈوں کے خلاف کارروائی کی جائے۔