• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شجر کاری مہم آزاد کشمیر، گلگت و بلتستان تک پھیلائی جائے، شفقت اقبال

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) جموں کشمیر مسلم کانفرنس وٹفورڈ برانچ کا اجلاس زیرصدارت راجہ ذوالکفیل نوابی منعقد ہوا۔ اجلاس ملک دائود، شفقت اقبال تبسم، برانچ کے جنرل سیکرٹری ظہیر الدین، راجہ محمد عارف، شبیر احمد، ذوالفقار احمد و دیگر رہنمائوں نے شرکت کی۔ دوران اجلاس دفعہ 35۔اے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی دہشت گردی پر اقوام متحدہ اور امریکہ کی عدم دلچسپی، پاکستان میں شجرکاری، پلانٹ فار پاکستان، تتہ پانی ساوڑ ڈیم تعمیر کرنے کا مطالبہ، آزاد کشمیر میں عوام کو شمسی توانائی کی سہولیات مہیا کرنا، میرپور ائرپورٹ کی تعمیر کا مطالبہ و دیگر امور کو زیربحث لایا گیا۔ دوران اجلاس ممتاز کشمیری رہنما شفقت اقبال تبسم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی شجرکاری مہم پلانٹ فار پاکستان کا خیرمقدم کرتے ہوئے مطالبہ کیا ہے کہ شجر کاری مہم کا دائرہ کار آزاد کشمیر و گلگت و بلتستان تک وسیع کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ آزاد کشمیر و شمالی علاقہ جات میں جنگلات کی کٹائی کو حکمرانوں اور بیوروکریسی نے ذریعہ معاش بنالیا ہے۔ ریاست کشمیر کے اندر انتہائی قیمتی درخت پہاڑوں کی چوٹیوں تک محدود رہ گئے ہیں۔ علاقوں کی خوبصورتی درختوں کی وجہ سے ہے۔ مگر جمہوریت کے ان جھوٹے دعویداروں نے وسائل لوٹنے پر انحصار کررکھا ہے۔ شفقت اقبال تبسم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ آزاد کشمیر و پاکستان کے چاروں صوبوں کے اندر شجرکاری مہم میں زیتون کے درخت، بادام، اخروٹ، پھل دار درختوں کو شجرکاری پلانٹ فار پاکستان کی قومی پالیسی میں شامل کریں۔ برانچ کے صدر راجہ ذوالکفیل نوابی نے شجرکاری مہم کی حمایت کرتے ہوئے کہا شجر کاری مہم کا تقاضہ ہے جو درخت لگائے جائیں ان کی حفاظت کیلئے محکمہ جنگلات اپنی ذمہ داریاں پوری کرے۔ انہوں نے وزیراعظم پاکستان عمران خان اور وزیراعظم آزاد کشمیر سے مطالبہ کیا ہے کہ ساوڑ تتہ پانی زیرالتوا ڈیمز کی تعمیر پر کام فوری شروع کیا جائےتاکہ عوام کو بجلی کے بحران سے نجات مل سکے۔ برانچ کے جنرل سیکرٹری ظہیرالدین نے شمسی توانائی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا یہ حکومت آزاد کشمیر عوام کو شمسی توانائی کی سہولیات دے۔ ظہیرالدین نے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر سے مطالبہ کیا ہے کہ آزاد کشمیر میں محکمہ زراعت و آبپاشی کو اہمیت دیں۔ ریاست آزاد کشمیر کو خوشحال بنانے کیلئے اہم اقدامات کریں۔ حکومت آزاد کشمیر محکمہ زراعت و آبپاشی و دیگر شعبہ زندگی کو زیادہ سے زیادہ فعال بنائے۔ ظہیر الدین نے وزیراعظم پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ میرپور آزاد کشمیر میں عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے انٹرنیشنل ائرپورٹ تعمیر کرنے کا اعلان کرکے عوام کا احساس محرومی ختم کریں۔ پاکستان کشمیری عوام کی امیدوں کا مرکز ہے۔ ملک دائود سیکرٹری اطلاعات نے کہا کہ بھارت کی دفعہ 35۔اے کی شق کو ختم کرنے کے منصوبے کو ناکام بنانے کے لئے اقدامات کئے جائیں۔
تازہ ترین