راولپنڈی( نمائندہ جنگ)وزیر اعلی ٰپنجاب عثمان بزدار نے پیر کو بغیر پروٹوکول ڈپٹی کمشنر اور دیگر سرکاری دفاتر پر چھاپہ مارکر افسران کی دوڑیں لگوادیں۔ایڈیشنل کمشنر ریونیو میاں بہزاد عادل ،اسسٹنٹ کمشنر صدر ،رجسٹرار آفس کے افسران اپنے دفاتر سے غائب پائے گئے۔ڈپٹی کمشنر بھی موقع پر موجود نہ تھے۔وزیر اعلی ٰپنجاب کی آمد کی خبر ملتے ہی ایڈیشنل کمشنر جنرل ملیحہ جمال پہلے اور بعد میں ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر بھی پہنچ گے۔وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار بند سرکاری دفاتر کھلواکر دیکھتے رہے۔موقع پر موجود مسائل کے حل کیلئے آنے والے خواتین و حضرات سے وزیر اعلیٰ نے ان کے مسائل معلوم کئے۔جونہی ڈپٹی کمشنر عمر جہانگیر پہنچےتووزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے استفسار کیا کہ کہاں تھے۔تو ڈپٹی کمشنر نے جواب دیا کہ ان کے پاس کمشنر آفس کا بھی چارج ہےوہ ادھر موجود تھے اور محرم الحرام کے سلسلے میں علماء اور مشائخ کے اجلاس کے انتظامات دیکھ رہے تھے۔وزیر اعلی پنجاب نے اے ڈی سی آر سمیت دیگر افسران کی عدم موجودگی پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ غیر حاضر افسران کےخلاف کارروائی کی جائے۔آئندہ سرکاری دفاتر کے دروازے بند نہیں ہوں گے نہ ہی پرچی سسٹم چلے گا۔تحریک انصاف کی عوامی حکومت ہے۔عوامی انداز میں ہی چلے گی۔وزیر اعلی ٰپنجاب نے سرکاری دفاتر کے باہر دادرسی کیلئے موجود لوگوں سے ان کے مسئلہ کے بارے میں دریافت کیا تو بلوچستان سے تعلق رکھنےوالی ایک خاتون بھی موجود تھی ۔