جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ حکومت کے پاس وژن کے بجائے صرف خواب ہیں۔
اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جے یو آئی اکابرین نے اسلامی تشخص کو برقرار رکھنے کے لیے قربانیاں دیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم نے خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں نوابوں، سرداروں کا غرور توڑا، عالمی و مقامی اسٹیبلشمنٹ کو ناراض کر کے آگے بڑھے۔
مولانافضل الرحمان نے کہا کہ موجودہ حکومت کی خارجہ پالیسی اضطراب کا شکار ہے جبکہ چین سے دیرینہ تعلقات اقتصادی دوستی میں تبدیل ہونے سے دھچکا لگا۔
انہوں نے بیگم کلثوم نواز کے لیے تعزیت کرتے ہوئے حکومت کو مشورہ دیا کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس کچھ روز کے لیے ملتوی کر دیا جائے تو بہتر ہے۔