• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

وزیراعظم عمران کا دورہ آئی ایس آئی ہیڈکوارٹرز، 8 گھنٹے بریفنگ

راولپنڈی(جنگ نیوز/این این آئی) وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ روز انٹر سروسز انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا۔ ہیڈکوارٹرز پہنچنے پر وزیراعظم عمران خان کا آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس آئی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار نے استقبال کیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے دورہ کے دوران یاد گار شہداء پر پھول رکھے اور فاتحہ خوانی کی۔ آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دورے کے دوران وزیراعظم کو اسٹریٹیجک انٹیلی جنس اور قومی سلامتی کے امور پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وزیراعظم نے قومی سلامتی خاص طور پر دہشت گردی کیخلاف جاری کوششوں پر آئی ایس آئی کے کردار کو سراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ انٹر سروسز انٹیلیجنس (آئی ایس آئی) دنیا کی بہترین انٹیلی جنس ایجنسیز میں شمار ہوتی ہے جو ہماری پہلی دفاعی لائن ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکومت اور عوام مسلح افواج اور انٹیلی جنس اداروں کے ساتھ مضبوطی سے کھڑے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور عوام ان اداروں کی بے مثال کامیابیوں کو تسلیم کرتے ہیں۔این این آئی کے مطابق وزیرعظم کو 8گھنٹے پر محیط طویل بریفنگ دی گئی۔ وفاقی وزیر اطلاعات چوہدری فواد حسین نے بتایا کہ اجلاس میں وزیراعظم اور کابینہ کے اراکین کو ملک کو درپیش اندرونی اور بیرونی چیلنجز سے آگاہ کیا گیا ۔ وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیر اطلاعات فواد حسین چوہدری اور وزیر مملکت برائے داخلہ شہر یار آفریدی وزیراعظم کے ہمراہ تھے ۔

تازہ ترین