کراچی (نیوز ڈیسک) پاکستان کے نئے وزیر خزانہ اسد عمر کی خطرناک مواد میں مہارت آج نئی ذمہ داری نبھانے میں ان کے کام آرہی ہے، یعنی پاکستان کی معیشت کو درست ڈگر پر رکھنا۔ امریکی جریدے بلومبرگ میں شائع رپورٹ کے مطابق اسد عمر چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مسائل کی جڑ تک پہنچتے ہیں اور حل تلاش کرنے کیلئے غیر روایتی طریقے اختیار کرتے ہیں، اور یہی وہ صلاحیت ہے جو 57سالہ اسد عمر کے بطور وزیر خزانہ انتخاب کو صحیح ثابت کرتی ہے۔ کچھ دن قبل انہوں نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ جو چیلنجز سے نمٹنے کیلئے جو کچھ کرنے کی ضرورت ہے چھ ماہ پہلے کر لینا چاہیے تھا۔ اسد عمر کو قرضوں پر انحصار کم کرنے، عمران خان کی جانب سے کئے گئے فلاحی وعدوں کو پورا کرنے جیسے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔