چیف جسٹس ثاقب نثار اور ساتھی ججز جسٹس عمر عطا بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن نے چکوال کے علاقے میں ہندوؤں کے مقدس مندر کٹاس راج کا دورہ کیا۔
چیف جسٹس کے دورے کے موقع پر محکمہ اوقاف کے علاوہ ضلعی انتظامیہ اور دیگر ادروں کے متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ ڈپٹی کمشنر چکوال اور محکمہ اوقاف کی جانب سے ججز کو کٹاس راج کو ماحولیات سے درپیش خطرات سے بچانے کے لیے اٹھائے جانے والے اقدامات پر بریفنگ بھی دی ۔
چیف جسٹس نے کٹاس راج مندر کی جھیل میں پانی کی کم سطح اور دیگر بد انتظامیوں پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور انتظامیہ و فیکٹری مالکان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے علاقے کو تباہ کر دیا ہے۔
چیف جسٹس نے ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی کہ مقدس مقام کی بحالی کے لیے تجاویز پر مشتمل رپورٹ عدالت میں پیش کریں۔ چیف جسٹس نے کہا کہ خواہش ہے کہ قدرتی چشمہ پھر سے چلے۔
جمعہ کے روز سپریم کورٹ میں کٹاس راج کیس کی سماعت کے موقع پر چیف جسٹس نے کہا تھا کہ وہ خود کٹاس راج میں جا کر صورتحال کا جائزہ لیں گے۔