کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستانی ہاکی ٹیم کے غیر ملکی کوچز نے بھی اپنے معاہدے کی رقم نہ ملنے پر مزید کام جاری رکھنے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔ فیڈریشن کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن مالی مشکلات کی وجہ سے تاحال ایشین چیمپئنز ٹرافی کے لئے مسقط میں کھلاڑیوں کی رہائش کا انتظام نہیں کرسکی ہے جس کی وجہ سے ایونٹ میں ٹیم کی شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا ہے۔ غیر ملکی کوچز نے کیمپ میں شرکت کو اپنی تنخواہ کی ادائیگی سے مشروط کردیا۔ ذرائع کے مطابق حکومتی گرانٹ جاری نہ ہونے پر پاکستان ہاکی فیڈریشن کا خزانہ خالی ہے اور اس کے لیے معاملات چلانا نا ممکن ہوگیا ہے۔ ایشین گیمز کے لیے پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر خالد سجاد کھوکھر نے ڈھائی کروڑ روپےادھار لے کر کھلاڑیوں کے ڈیلی الائونسز، چیف کوچ رولنٹ اولٹمنز اور دوسرے کوچنگ اسٹاف کے بقایا جات کلیئر کیے تھے۔ ایشین چیمپئنز ٹرافی کے بعد قومی ٹیم کو چند ہفتوں بعد بھارت میں ورلڈکپ میں شرکت کرناہے، جس کےلیے اکتوبر کے پہلے ہفتے تک ہوٹل بکنگ کروانا لازمی ہے، بصورت دیگر قومی ٹیم کی ورلڈکپ میں شمولیت ممکن نہیں ہوپائے گی۔