کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے سربراہ بریگیڈیئر خالد سجاد کھوکھر نے سابق ڈائریکٹر ڈومیسٹک نوید عالم کی جانب سے مسلسل بیانات پر برہمی اظہار کیا ہے ، انہوں نے کہا کہ مختلف ڈسٹرکٹ ایسوسی ایشنز کے نمائندوں کی جانب سے گذشتہ کچھ عرصہ سے مسلسل نوید عالم کے خلاف شکایات موصول ہورہی تھیں جس پر سکریٹری فیڈریشن شہباز احمد نے نوید عالم سے جواب طلب کیا تھا، نوید عالم نے شو کاز نوٹس کا جواب دینے کے بجائے فیڈریشن پر تنقید شروع کردی۔ دریں اثناء اطلاعات کے مطابق ہاکی فیڈریشن کے ایک اہم عہدے دار کے بھائی نے جو خود بھی فیڈریشن میں ہیں، جمعے کو نوید عالم سے ملاقات کی تاہم صورت حال میں کوئی بہتری نہیں آئی۔ دریں اثنا ہاکی فیڈریشن کی کانگریس کے60سے زائد نمائندوں نے صدر خالد کھوکھر کونگریس کا اجلاس بلانے کی درخواست دے دی ہے جس میں فیڈریشن میں اقربا پروری ،قومی ٹیم کی شکست اور دیگر امور کو زیر بحث لانے کی درخواست دی گئی ہے، ان نمائندوں کا کہنا ہے کہ فوری طور پر اجلاس نہیں بلایا گیا تو وہ بین الصوبائی رابطے کی وزارت سے رابطہ کریں گے۔ دوسری جانب کراچی اور سندھ ہاکی ایسوسی ایشن (حیدر) گروپ نے اجلاس میں شرکت کا فیصلہ کیا ہے۔