• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان میں جمہوریت کی بحالی کے لیےمادر جمہوریت محترمہ کلثوم نواز کی خدمات کو طویل عرصے تک یاد رکھا جائے گا یہ بات مسلم لیگ ن جاپان کے سینئر نائب صدر ملک یونس نے محترمہ کلثوم نواز کے حوالے سے ٹوکیو میں ہونے والی تعزیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

انھوں نے کہا کہ اب یہ بات عدالت میں بھی ثابت ہونے والا ہے کہ میاں نواز شریف اور ان کی صاحبزادی کو ایک مفروضے کی بنیاد پر ناانصافی پر مبنی سزا سنای گئی جس سے نہ صرف ن لیگ کو الیکشن میں شکست دلوائی گئی بلکہ میاں نواز شریف اور محترمہ مریم نواز کو اپنی بیمار بیوی اور والدہ کو چھوڑ کر جیل میں جانا پڑا اور ان کی موت کا غم بھی دیکھنا پڑا، اس ناانصافی کا جواب حکمرانوں کو دینا ہوگا۔

اس موقع پرن لیگ جاپان کے سینئر رہنما مرزا اکرم نے کہا کہ ن لیگ اور میاں نواز شریف کو دیوار سے لگا کر حکمراں طویل عرصے تک حکمرانی نہیں کرسکیں گے ،انھیں عوام کی عدالت میں جواب دینا ہوگا اور فتح حق کی ہوگی ، اس موقع پر سیالکوٹ کے سینئر لیگی رہنما ملک یوسف نے ن لیگ اور میاں نواز شریف کے ساتھ ہونے والی زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز کی وفات نے ایک بار پھر پورے ملک میں ن لیگ اور میاں نواز شریف اور مریم نواز کے لیے ہمدردیاں پیدا کردی ہیں ۔

اس موقع پر ن لیگ جاپان کے سینئر نائب صدر ملک ریاض جیلانی نے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز مادر جمہوریت تھیں جنھوں نے مشرف کی آمریت کا تنہا مقابلہ کیا اور پاکستان میں جمہوریت کی داغ بیل ڈالی ، بستر مرگ پر ان کے ساتھ الزامات کے زریعے ہونی والی زیادتی سے دل خون کے آنسو رو رہا ہے دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ محترمہ کو جنت الفردوس میں جگہ عطا فرمائے ۔

اس موقع پر پنجاب پولیس کے سینئر آفیسر شاہد گھمن نے محترمہ کلثوم نواز کی مغفرت اور اعلیٰ درجات کے لیے خصوصی دعا کی ،جبکہ سینئر صحافی اور کشمیر یکجہتی فورم کے آرگنائزر شاہد مجید نے کہا کہ محترمہ کلثوم نواز ایک کشمیری خاتون تھیں اور کشمیری عوام کے لیے خاص درد رکھتی تھیں ان کی خدمات زندگی بھر یاد رکھی جائیں گی ۔

تقریب کے آخر میں سینئر پاکستانی اصغر احمد نے محترمہ کلثوم نواز کی مغفرت اور درجات کی بلندی کے لیے اجتمائی دعا کرائی ۔

تازہ ترین