• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بلیو ایریاء میں روڈ کارپٹنگ شروع، جلد تکمیل کی ہدایت

اسلام آباد ( نیوز رپورٹر) میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے سرپرست اعلی آل ٹریڈرز ویلفیئر ایسوسی ایشن ایم اکرم فرید کے ہمراہ پیر کے روز بلیو ایریاء میں روڈ کارپٹنگ کے کام کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر میئر نے کہا کہ میٹرو پولیٹین کارپوریشن کابڑی چھوٹی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام جاری ہے اور اب تک 7th ایونیو سمیت چھوٹی بڑی سڑکوں اور سیکٹرز کے اندر کی سڑکوں کی کارپیٹنگ مکمل کی جا چکی ہے ۔ میئر نے کہا کہ بلیو ایریاء میں جناح ایونیو کے ساتھ چار کلومیٹر طویل اور 52فٹ چوڑی سروس روڈ نارتھ، بلیو ایریاء کے ساتھ کی ساڑھے چار کلو میٹر طویل اور 36 فٹ چوڑی سروس روڈ ساؤتھ کی کارپیٹنگ کاکام ایک ماہ میں مکمل کیا جائے گا۔ میئر نے ایم پی او ڈائریکٹوریٹ کو ہدایت کی کہ بلیو ایریاء کے پارکنگ ایریا میں بھی کارپیٹنگ کی جائے۔ میئرنے کہا کہ جب سے میٹروپولیٹین کارپوریشن کی ایم پی او ونگ کو فعال کیا گیا ہے، اُس وقت سے ایم سی آئی کو کروڑوں روپے کی بچت ہوئی ہے کیونکہ ماضی میں یہی کام اپنی مشینری کو نظر انداز کر کے کنٹریکٹر سے کروایا جاتا تھا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کی سڑکوں کی کارپیٹنگ کے لیے بنائے جانے والے جامع منصوبہ پر تیزی سے کام کر کے مکمل کیا جائے گا۔ اکرم فریدنے کہاچار انچ کشادہ روڈ کی بچھائی،سیوریج سسٹم کو بہتر بنانا، پارکنگ کے مسائل ، لائٹس کی تنصیب ، شجر کاری، فلٹریشن پلانٹ کی فراہمی ودیگر مسائل بھی ہنگامی بنیادوں پر میئر کے تعاون سے حل کئے جائیں گے ۔اس موقع پر آل ٹریڈرز ویلفئیر ایسوسی ایشن کے چیئرمین ملک صغیر احمد،صدر یوسف راجپوت,سید امین پیرزادہ، شیخ کلیم، راجہ حسن اختر اورتنطیم کے عہدیداران و ممبران کے علاوہ چوہدری تصدق حسین،ظفر بختاوری نے خوشی کا اظہار کیا کہ تاجروں کے عرصہ دراز سے زیر التواء کام تکمیل کے مراحل سے گزر رہے ہیں۔
تازہ ترین