• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر: مینارہ روڈ پر زیر زمین پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل نہیں ہوسکا

سکھر (بیورو رپورٹ) شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر زیر زمین پائپ لائن بچھانے کا کام مکمل نہیں ہوسکا، شاہراہ کی کھدائی کے باعث بدترین ٹریفک جام رہنے سے عوام شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔ مذکورہ شاہراہ سکھر و روہڑی کے درمیان چلنے والی ٹریفک کی مین گزرگاہ ہے، 9محرم الحرام کی شب روہڑی میں برآمد ہونیوالے قدیمی ماتمی جلوس میں شرکت کیلئے سکھر سے بڑی تعداد میں قافلے اسی شاہراہ سے گزر کر روہڑی جاتے ہیں تاہم شاہراہ کی کھدائی کے باعث قافلوں کے شرکاء کو بھی گزرنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ مذکورہ شاہراہ پر مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی جانب سے ایک سال سے ترقیاتی کام کیا جارہا ہے۔ نکاسی آب کا نظام تو درست نہیں ہوسکا ہے مگر شاہراہ کی کھدائی کے باعث عوام شدید مشکلات سے دوچار ہوگئے ہیں، چند دن قبل میونسپل انتظامیہ کی جانب سے شاہراہ پر کی گئی کھدائی کو مزید گہرا کیا گیا اور شاہراہ کا ایک وسیع حصہ بھی کھود دیا گیا، جس کے باعث گورنمنٹ گرلز ڈگری کالج جانیوالی طالبات بھی مشکلات سے دوچار ہوگئی ہیں۔ انتظامیہ نے پہلے جیم خانہ سے لیکر مکی مسجد تک شاہراہ کی کھدائی گئی اور اب مکی مسجد کے بالکل سامنے کئی فٹ گہرے گڑھے کھود دیے ہیں، انتظامیہ کی جانب سے نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے کیے جانیوالے اقدامات شہریوں کی مشکلات میں مزید اضافے کا سبب بن گئے ہیں۔ شہری و عوامی حلقوں نے میونسپل انتظامیہ کو کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مذکورہ شاہراہ پر ایک سال سے نکاسی نظام کو بہتر بنانے کے لئے کام کیا جارہا ہے اور حیرت انگیز طور پر چند دن قبل ہی اس کام کو تیز کرتے ہوئے شاہراہ کا ایک مزید حصہ کھود دیا گیا، جب ایک سال سے انتظامیہ نکاسی نظام کو بہتر نہیں بناسکی تو پھر محرم الحرام کے دنوں میں مزید کھدائی کی ضرورت کیا تھی، کچھ دن اور صبر کرلیا جاتا اور شاہراہ پر مزید کھدائی نہ کی جاتی تو بہتر تھا، مگر نہ جانے کیوں میونسپل انتظامیہ نے ان ہی دنوں میں شاہراہ کی کھدائی کا کام ضروری سمجھا، جس کی وجہ سے لوگوں کی مشکلات میں مزید اضافہ ہوگیا ہے۔ انہوں نے میئر سکھر ودیگر بالا حکام سے اپیل کی کہ شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کے لئے ایک سال سے جاری ترقیاتی کام مکمل نہ ہونے کا نوٹس لیکر ترقیاتی کام کو فوری طو رپر مکمل کرایا جائے تاکہ عوام کی مشکلات میں کمی واقع ہوسکے۔
تازہ ترین