• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایشیا کپ سپر فور مرحلہ میں پاکستان اور بھارت اتوار کو مدمقابل

دبئی (نمائندہ خصوصی) دبئی میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے بعد روایتی حریفوں کے درمیان اتوار کو سپر فور کا میچ بھی کھیلا جائے گا۔ ایشین کرکٹ کونسل نے بدھ کو ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے کے شیڈول کا اعلان کردیا ہے۔ سپر فور مرحلہ جمعے سے شروع ہوگا۔ جمعے کو پاکستانی ٹیم اپنا پہلا میچ افغانستان کے خلاف شیخ زاید اسٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے گی۔ اتوار کو پاکستان اور بھارت دبئی میں جبکہ افغانستان اور بنگلہ دیش کی ٹیمیں ابوظہبی میں میچ کھیلیں گی۔ منگل کو دبئی میں بھارت اور بنگلہ دیش کا میچ دبئی میں ہوگا۔ بدھ کو سپر فور کا آخری میچ پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان شیخ زایداسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے تحفظات کے باوجود منتظمین نے بھارت کے تمام میچ دبئی میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ پانچ ٹیمیں ایک ہوٹل میں جبکہ بھارتی ٹیم الگ ہوٹل میں ٹھہری ہوئی ہے۔ بنگلہ دیش کی ٹیم جمعرات کو آخری لیگ میچ کھیلنے کے بعد اگلے دن بھارت کے خلاف دبئی میں میچ کھیلے گی۔ سرفراز احمد نے کہا تھاکہ ایشیا کپ کے پول اے کو دیکھیں تو اگر بھارتی ٹیم دوسرے نمبر پر بھی آتی ہے تب بھی وہ ابوظہبی میں جاکر نہیں کھیلے گی۔ سرفراز احمد نے کہا کہ ٹریولنگ ایسا معاملہ ہے کہ میچوں کے دوران ڈیڑھ گھنٹے کا سفر آسان نہیں اور پھر اس شدید گرمی میں دبئی سے ابوظہبی جانا، ایک دن میچ اور پھر ایک دن آرام کے بعد دوبارہ میچ کھیلنا صحیح نہیں ہے۔ اس سوال پر کہ کیا پاکستانی ٹیم منیجمینٹ نے اس بارے میں باضابطہ طور پر اپنے تحفظات ظاہر کیے ہیں توسرفراز احمد نے کہا کہ انہیں اس بارے میں علم نہیں ہے لیکن جو بھی تحفظات ہونگے پاکستان کرکٹ بورڈ اس بارے میں دیکھ رہا ہوگا۔حیران کن طور پر گروپ میچوں میں ٹیموں کی کارکردگی کا سپر فور مرحلے پر کوئی اثر نہیں پڑے گا۔فائنل 28 ستمبر کو دبئی میں کھیلا جائے گا۔

تازہ ترین