کراچی( نصر اقبال/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈویلپمنٹ نوید عالم نے پی ایچ ایف ہیڈ کوارٹر میں اپنے دفتر کا تالا توڑنے کے خلاف پی ایچ ایف کے حکام کے خلاف لاہور کے مقامی تھانے میں ایف آئی آر درج کرادی ہے۔ جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے نوید عالم نے کہا کہ مجھے غیر آئینی طور پر برطرف کیا گیا اور بعد میں میرے دفتر کا تالا توڑ دیا گیا جس میں پی ایچ ایف کے سکریٹری کے خلاف میں نے بعض ایشو پر انکوائری کر کے رپورٹ رکھی ہوئی تھی، اس رپورٹ کے تمام شواہد میری میل پر محفوظ ہیں مگر پی ایچ ایف کے حکام نے تالا توڑ کر غیر اخلاقی حرکت کی ہے، میں پنجاب کے صوبائی وزیر کھیل کو بھی بدھ کو اس حوالے سے درکواست دی ہے، میں نے اپنے عہدے کا چارج نہیں چھوڑا ہے، انہوں نے کہا کہ پی ایچ ایف کی جانب سے انکوائری کمیٹی کا قیام برطرف کرنے سے پہلے کیا جانا چاہیے تھا، مگر میں پھر بھی اس کمیٹی کے قیام کا خیر مقدم کرتا ہوں، مجھے تاحال کمیٹی کے قیام اور طلبی کا کوئی نوٹس نہیں ملا ہے، انہوں نے کہا کہ اس کمیٹی میں وفاقی وزرات بین الصوبائی، پی او اے اور پاکستان اسپورٹس بورڈ، پنجاب حکومت کے نمائندے کو بھی رکھا جائے ۔