لاہور....وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ کا کہنا ہے کہ پٹھانکوٹ حملے کا مقدمہ بھارتی اطلاعات پر درج کیا گیا ،تفتیشی ٹیم جسے چاہے،شامل تفتیش کر سکے گی ، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں محمود الرشید نے مقدمے کو حکومت کا بزدلانہ اقدام قرار دیا ہے۔
پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مقدمے کا اندراج دہشت گردی کیخلاف حکومتی عزم کو ظاہر کرتا ہے ،بھارت سے مزید شواہد مانگے ہیں ،معاملے کی تہہ تک پہنچیں گے ۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاسی اورعسکری قیادت پوری کمٹمنٹ کیساتھ دہشتگردی کے خلاف متحد ہے ، کوئی ملوث پایا گیا تو بلا امتیاز کارروائی کی جائے گی۔
اپوزیشن لیڈر میاں محمودالرشید نے میڈیا سے گفتگومیں کہا کہ پٹھانکوٹ واقعے پر حکومت نے بہت کمزور موقف اختیار کیا ۔حکومتی ترجمان کا کہنا ہے کہ خطے میں دہشتگردی اسی صورت ختم ہوگی جب ہمسایہ ممالک تعاون کرینگے۔
ہمسایہ ملک میں ہونے والے ایئربیس پر حملے پر گوجرانوالہ میں ایف آئی آر کو وزیر قانون نے تو سراہا تاہم اپوزیشن لیڈر نے اس پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ اس سے قوم کے سر شرم سے جھک گئے ہیں۔