کراچی(اسٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے پاکستان انٹرنیشنل ہاکی سیریز کی منسوخی کا نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ پاکستان ہاکی کے لئے اچھی علامت نہیں ہے،نہوں نے کہاکہ انٹر نیشنل ہاکی سیریز کا پاکستان میں انعقاد ہونا چاہیے تھا، واضھ رہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن کی درخواست پر انٹر نیشنل ہاکی فیڈریشن نے اس ایونٹ کو منسوخ کردیا ہے جو رواں ماہ 26 سے 30 ستمبر تک لاہور میں شیڈول تھا، پاکستان ہاکی فیڈریشن کے حکام اس ایونٹ میں شر کت کے لئے ٹیموں کو پاکستان لانے پر رضامند کرنے میں ناکام ثابت ہوئے، انٹرنیشنل ہاکی فیڈریشن نے طویل عرصے بعد پاکستان کو بعد انٹرنیشنل ٹورنامنٹ کی میزبانی دی تھی جس میں شرکت کیلئے افغانستان، بنگلہ دیش، قازقستان، سری لنکا، اومان،قطر کو مدعو کیا گیا تھا تاہم ہاکی فیڈریشن کی ناکام پالیسی اور رابطہ کاری کے باعث سری لنکا، اومان،قطر اور افغانستان کی ہاکی ٹیموں نے آنے سے انکار کر دیا ،فیڈریشن بنگلہ دیش کی ٹیم کو بھی پاکستان لانے میں ناکام رہی۔ پی ایچ ایف کے حکام ایشیائی اور عالمی ہاکی فیڈریشن کے عہدے داروں سے بھی بہتر سفارت کاری میں ناکام رہے، جس کی وجہ سے اس ایونٹ کو منسوخ کردیا گیا۔ وفاقی وزیر برائے بین الصوبائی رابطہ ڈاکٹر فہمیدہ مرزا نے ٹور نامنٹ کے منسوخ ہونے پرفیڈریشن کے حکام پر برہمی کا اظہار کیا ہے اور کہا کہ ہاکی فیڈریشن کو اب معاملات کو دیکھنا ہو گا، فیڈریشن کو اپنا احتساب کرنا چاہیے جبکہ کھیلوں میں پاکستان کا نقصان کسی صورت نہیں ہونا چاہیے، پاکستان کے حالات میں بہتری کے بعد غیر ملکی ٹیموں کو پاکستان لانے کے لئے فیڈریشن کو کردار ادا کرنا چاہئے تھا۔