• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق ہاکی اولمپئینز کا فیڈریشن کیخلاف پھرمتحرک ہونے کا فیصلہ

کراچی( نصر اقبال /اسٹاف رپورٹر) قومی کھیل ہاکی میں بہتری کے لئے سابق ہاکی اولمپئنز نے فیڈریشن کے خلاف بھر پور انداز میں متحرک ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس حوالے سے کئی سابق ہاکی اولمپئنز اور انٹرنیشنل ہاکی کھلاڑی آپس میں رابطے میں ہیں، ان میں 1984 اولمپکس گیمز کی فاتح قومی ہاکی ٹیم کے کپتان منظور جونیئر، سابق کپتان منظور الحسن، فلائنگ ہارس سمیع اللہ، سابق قومی ہاکی ہیڈ کوچ حنیف خان، خالد بشیر، دانش کلیم، خواجہ جنید، ، وسیم فیروز، سلمان اکبر ، سلیم ناظم اور دیگر نمایاں ہیں، ان کھلاڑیوں نے سابق اولمپئنزقمر ضیاء ، اختر رسول اور شہناز شیخ سے بھی رابطہ کیا ہے، جبکہ پی ایچ ایف کے عہدے دار نوید عالم بھی اب اس گروپ کا حصہ بن گئے ہیں۔ کئی انٹر نیشنل کھلاڑیوں نے پی ایچ ایف کے خلاف مہم میں بھرپور انداز میں شامل ہونے کا فیصلہ کیا ہے، سابق ہاکی اولمپئنز پی ایچ ایف کے سابق صدر اور سینئر سیاست داں میر ظفر اللہ خان جمالی سے بھی رابطہ کررہے ہیں، سابق ہاکی اولمپئینز کے ذرائع کا کہنا ہے کہ عاشوہ کے بعد پی ایچ ایف کے عہدے داروں کی اقرباپروری اور کرپشن کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں میڈیا کانفرنس سے تمام حقائق کا سامنے لایا جائے گا، جبکہ اس حوالے سے قومی اسمبلی اور سینیٹ کے باہر احتجاج کا بھی پروگرام تشکیل دیا جارہا ہے، سابق کھلاڑیوں نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ملاقات کے لئے رابطہ کیا ہے جس میں انہیں قومی ہاکی میں ہونے والی تباہی اور فیڈریشن کی جانب سے کئے جانے والے غلط فیصلوں کی نشان دہی کی جائے گی، اولمپئنزکا موقف ہے کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن مسلسل حکومتی امدا کے باوجود قومی ہاکی کو درستٹریک پر لانے میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے۔ دوسری جانب پی ایچ ایف کانگریس کے کئی ارکان کا کہنا ہے کہ ان کی درخواست پر پی ایچ ایف کے حکام نے کانگریس کا اجلاس نہیں بلایا تو وہ حکومت کے اعلی حکام سے رابطہ کریں گے۔
تازہ ترین