• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

متحدہ نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے انتخابی نتائج چیلنج کردیئے، عثمان ڈار نے خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر، ٹی وی رپورٹ) ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے این اے 245 سے عامر لیاقت اور عثمان ڈار نے این اے 73 سیالکوٹ سے خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کردیا۔جبکہ ایم کیو ایم نے قومی و صوبائی اسمبلی کے 5 حلقوں کے انتخابی نتائج کو سندھ ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا۔ فاروق ستار نے درخواست میں موقف اپنایا ہے کہ کسی پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 نہیں دیا، حلقےکے 22 ہزار بیلٹ پیپرز غائب ہیں۔ جبکہ پی ٹی آئی رہنما عثمان ڈار کا موقف ہے کہ کاغذات نامزدگی میں غیر تصدیق شدہ بیان حلفی جمع کرایا اور اثاثے چھپائے۔ تفصیلات کے مطابق ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار نے این اے 245 سے عامر لیاقت کی کامیابی کو چیلنج کردیا۔ عام انتخابات 2018 میں ڈاکٹر فاروق ستار نے کراچی کے حلقے این اے 245 سے بھی الیکشن لڑا تھا جہاں سے ایم کیوایم کے سابق رہنما اور پی ٹی آئی کے ٹکٹ سے الیکشن لڑنے والے عامر لیاقت حسین نے انہیں شکست دی جب کہ ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے 247 سے بھی عارف علوی کے ہاتھوں شکست کھائی۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے این اے 245 کے نتائج کو الیکشن ٹریبونل میں چیلنج کردیا۔ فاروق ستار نے درخواست مؤقف اپنایا ہےکہ کسی بھی پولنگ ایجنٹ کو فارم 45 نہیں دیا اور حلقے کے لیے جاری کردہ 22 ہزار بیلٹ پیپرز غائب ہیں۔ ایم کیوایم نے درخواست عامر لیاقت کی کامیابی کا نوٹیفکیشن معطل کرنے کی استدعا کی ہے۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار نے این اے 73 سیالکوٹ سے خواجہ آصف کی کامیابی چیلنج کردی۔ عثمان ڈار نے این اے 73 سے خواجہ آصف کی کامیابی کو چیلنج کرتے ہوئے الیکشن ٹریبونل میں انتخابی عذر داری دائر کردی ہے جس میں مؤقف اختیار کیا گیا ہےکہ خواجہ آصف نے کاغذات نامزدگی میں غیر تصدیق شدہ بیان حلفی جمع کرایا اور کاغذات میں اثاثے چھپائے۔
تازہ ترین