• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتظامیہ کو تنخواہوں سے محروم واسا ملازمین کا کوئی احساس نہیں، مہران ورکرز یونین

حیدرآباد ( بیورو رپورٹ) ایچ ڈی اے مہران ورکرز یونین (سی بی اے) کا ایک اجلاس صدر محمد رمضان ملاح کی سربراہی میں لطیف آباد آفس میں منعقد ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جنرل سیکریٹری سی بی اے محمد اسلم عباسی نے کہا کہ گورنمنٹ آف سندھ اور ادارے کی اعلیٰ انتظامیہ نے واسا حیدرآباد کو پچھلے 3 ہفتوں سے لاوارث حالت میں چھوڑا ہوا ہے، ادارے کے سابق منیجنگ ڈائریکٹر نے 11 ستمبر کو ایک سال کی رخصت پر جانے سے ایک ہفتہ قبل آفس آنا چھوڑ دیا تھا، 11 ستمبر کے بعد چارج ایڈیشنل ایم ڈی کو دیا گیا جو 4 روز کے بعد پھر ایڈیشنل کمشنر ون کو دیدیا گیا ،جنہوں نے ابھی تک چارج نہیں لیا ہے جس کی وجہ سے ادارے کے محنت کش اور پنشنرز چیک پر دستخط نہ ہونے کی وجہ سے اپنی تنخواہوں سے محروم رہے، اس دوران ادارے کی انتظامیہ نے سابق ایم ڈی سے پچھلی تاریخوں میں چیکوں پر دستخط کراکر اس ماہ کی ریکوری سے حاصل ہونے والی رقوم کا بے دریغ استعمال کیا، انتظامیہ کو چار ماہ سے تنخواہوں سے محروم واسا ملازمین اور پنشنرز کا کوئی احساس نہیں ، پنشنرز اورمرحوم ملازمین کی بیوائیں اپنی چار ماہ کی پنشنوں کے حصول کے لئے ادارے کے دفاتر میں ماری ماری پھر رہی ہیں۔ ہم سربراہ واٹر کمیشن سندھ، کمشنر حیدرآباد، وزیر بلدیات سندھ سے اپیل کرتے ہیں کہ واسا کے محنت کشوں کی حالت زار پر رحم کیا جائے ، اجلاس کے شرکاءمیں جان چراغ، ولیم نذیر، ارشاد علی، عاشق قمبرانی، سید جاوید شاہ، رشید شیخ و دیگر شامل تھے۔
تازہ ترین