• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہم جب بھی کوئی چیز خریدنے کا ارادہ کرتے ہیں تو اس کے بارے میں پوچھ گچھ کرتے ہیں، دوستوں سے رائے لیتے ہیں، گوگل پر ریویوز پڑھتے ہیں اور پھر اچھی طرح چھان پھٹک کے بعد اسے خریدتے ہیں۔ اب آپ سوچیں جب ہم چند سو کی چیز خریدنے میں اتنی ریسرچ کرتے ہیں تو جب بزنس شروع کریں گے تو ہمیں کس قدر ریسرچ کی ضرورت ہوگی۔ دراصل مصنوعات کی تیاری یا خدمات کی فراہمی کے کاروبار کے لیے صارفین کی ضرورت اور ان کی پسند کا خیال رکھنا بے حد ضروری ہوتا ہے، ورنہ آپ اپنے کاروبار کو قائم و دائم نہیں رکھ پائیں گے۔ صارفین کی ضرورت اور پسند کو جاننے کے لیے مارکیٹنگ ڈپارٹمنٹ کی جانب سے مارکیٹنگ ریسرچ کی جاتی ہے، جو کمپنی کے لیے انتہائی اہمیت رکھتی ہے۔ ما رکیٹنگ ریسرچ کے مختلف مراحل ہوتے ہیں، جن کا ذکر ذیل میں کیا جارہا ہے۔

مسائل کی نشا ندہی کرنا

یہ جاننا ضروری ہے کہ ہم ریسرچ کیوں کر رہے ہیں؟ مارکیٹ میں کیا مسائل درپیش ہیں، جس کی وجہ سے ہمیں معلومات درکار ہیں؟ مثلاًہمارے پاس25لاکھ روپے ہیں تو کیا ہم نئی مصنوعات کو مارکیٹ میں لاسکتےہیں یا نہیں؟ کتنے صارفین ہماری مصنوعات کو پسند کریںگے؟ اس بارے میں ہمیں کن کن چیزوں کی معلومات درکار ہوںگی؟ اگر ان تمام باتوںکا پتہ نہ لگایا تو لاکھوں روپے ڈوب سکتے ہیں۔

سیمپل یعنی مخصوص افراد کا انتخاب

محدود وسائل کی صورت میں ہر کسی سے رابطہ کرنا ناممکن ہے، لہٰذا معلو مات کے حصول کے لیے چند مخصوص افراد کا انتخاب کیا جاتا ہے۔ یہ افراد،عوام کی نمائندگی کرتے ہیں۔ ان مخصوص افراد کا چناؤ مختلف طریقوں سے کیا جا سکتا ہے۔ بعض اوقات یکساں خصوصیات رکھنے والے افراد کو ایک گروپ کی شکل دے دی جاتی ہے، پھر اس گروپ میں سے ایک فرد کو چن لیا جاتا ہے۔ بعض اوقات ہر قسم کے افراد کا ایک کوٹا مقرر کر لیا جاتا ہے، مثلاً ہزارایسے مرد جو20سے30 سال کی عمر کے ہوں یاپھر ہزار ایسے مرد جو50سے 60سال کی عمر کے ہوں وغیرہ وغیرہ۔

وسائل کا تعین کرنا

درج بالا سوالات کے جواب حاصل کرنے میں ہم اپنا کتنا وقت لگا سکتے ہیں، اس کے لیے کتنا سرمایہ خر چ کر سکتے ہیں اور کون سے ذرائع استعمال کرسکتے ہیں، ان سب کا تعین کیا جانا ضروری ہوتاہے۔ اس کے لیے دو طرح کے ذرائع دستیاب ہیں :

ابتدائی ڈیٹا (Primary data)

ثانوی ڈیٹا (Secondary data)

ریسرچ کرنے والا ابتدائی ڈیٹا اپنی ذاتی محنت سے حاصل کرتا ہے۔ اس قسم کی ریسرچ کے لیے سروے رپورٹس، مشاہدات اور انٹرویوز وغیرہ کا سہارا لیا جاتا ہے جبکہ ثانوی ڈیٹا وہ معلومات ہیں جو پہلے سے جمع شدہ ہوتی ہیں۔ ریسرچ کر نے والا ثانوی ڈیٹا میں معمولی سی رد و بدل کر کے اسے اپنے موجودہ مسائل کے لیے استعمال کر لیتا ہے۔ یہ معلومات عام طورپر تجارتی رسائل، لا ئبریریوں، مردم شماری، الیکٹرونکس ڈیٹا بیس، ترتیب شدہ انٹرویوز، معلوماتی پروگرامز اور دیگر کمپنیوں کی ویب سائٹس وغیرہ پر دستیاب ہوتی ہیں۔

معلومات جمع کرتے وقت پہلے ثانوی ڈیٹا (Secondary data) کا سہارا لیا جاتاہے کیونکہ یہ آسانی سے اور کم قیمت میں دستیاب ہوجاتا ہے۔ اس کے بعد ابتدائی ڈیٹا (Primary data) کا سہارا لیا جاتا ہے۔ ابتدائی ڈیٹا کے لیے درج ذیل مراحل طے کرنا ضروری ہیں۔

سوال نامہ کی تیاری

سوال نامہ کے ذریعے سوالات کی ایک فہرست تیار کی جاتی ہے، جو سیمپل یعنی عوام کے مخصوص نمائندوں سے معلومات جمع کرتے وقت پوچھے جاتے ہیں۔ یہ سوالات دو طرح کے ہو تے ہیں:

٭ Close Ended :ایسے سوالات جن کے جوابات صرف ایک لفظ میں دیے جاتے ہیں۔ مثلاًآپ کو ہماری مصنوعات کیسی لگیں، اس کا جواب یہی ہو سکتا ہے، ’’اچھی‘‘ یا ’’بری‘‘۔

٭ :Open Endedایسے سوالات جن کے جوابات مختصر جملوں پر مشتمل ہوتے ہیں۔ مثلاً ہماری مصنوعات کیوں نہیں خریدی جاتیں، اس کا جواب مختصر جملوں اور جواب دینے والے کی مرضی پر ہوتاہے۔

انٹرویو

نفسیات اور شماریات کے ماہرین سے انٹرویو لیجیے۔ شماریات کے ماہرین مردم شماری کے بارے میں درست رہنمائی کر سکتے ہیں، جبکہ نفسیات کے ماہرین صارفین کے رویے کے بارے میں صحیح معنوں میں تجزیہ کرکے بتاسکتے ہیں۔

معلومات جمع کرنا

سوال نامہ کے ذریعے مختلف سروے کر کے معلومات کو اکھٹا کیا جاتاہے ۔ بعض اوقات لوگوں سے مل کر براہ راست سوالات کیے جاتے ہیں، کبھی ای میل کے ذریعے سوال نامہ بھیج دیا جاتا ہے جبکہ بعض مرتبہ ٹیلی فون کے ذریعے سوالات پوچھ لیے جاتے ہیں۔ سروے کے علاوہ مشاہدات کے ذریعے بھی معلومات جمع کی جاسکتی ہیں۔ معلومات کو اکٹھا کرتے وقت دو باتوں کا خاص خیال رکھنا بہت ضروری ہے۔ معلومات مکمل ہوں، درست ہوں اور مسائل سے مطابقت رکھتی ہوں۔

خلاصہ دینا

جمع کی گئی معلومات کا خلاصہ تیار کریں۔ ہر قسم کے ڈیٹا کو علیحدہ علیحدہ کر کے عنوان دیں اور غیر ضروری ڈیٹاکو نکال دیں۔

رپورٹ کی تیار ی

تمام معلومات کو رپورٹ کی شکل دیں۔ رپورٹ آسان زبان میں بنائیں اور آخر میں اس کو مارکیٹنگ کے شعبے کے حوالے کر دیں۔

نتائج کا جائزہ

مارکیٹنگ افسران معلومات کے بل بوتے پرمصنوعات کے معیار، اس کی قیمت اور مارکیٹنگ پا لیسی کا جائزہ لیتے ہیں۔ ریسرچ کرنے والا اس بات کو سامنے رکھے کہ یہ معلومات درست ہیں یا نہیں؟ نیز یہ بھی دیکھا جائے کہ ان معلومات کی وجہ سے مسائل حل بھی ہوئے ہیں یا نہیں؟ صارفین اور مارکیٹ کے بارے میں مکمل معلومات حاصل کرنے اور ان تمام مراحل سے گزر کر کوئی بھی اپنا کاروبار شروع کرسکتا ہے یا اپنے موجودہ کاروبار کو تقویت دے سکتا ہے۔ 

تازہ ترین