• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گجرانوالہ میں سردار یاسین ملک اسپتال تیار،افتتاح دسمبر میں

سردار یاسین ملک اسپتال ایک ارب روپے کی لاگت سے مکمل ہوگیا ہے جس کا باقاعدہ افتتاح دسمبر میں ہوگا ،ملک محمد افضل

معروف سماجی تنظیم ملک ویلفیئر ٹرسٹ کے بانی ملک محمد افضل نے کہا ہے کہ سردار یاسین ملک چیریٹی اسپتال ایک ارب روپے کی لاگت سے گجرانوالہ میں مکمل ہوگیا ہے جس کا افتتاح دسمبر میں کیا جائے گا۔

جاپان ک دورے پر آئی ہوئی پاکستان کی معروف سماجی شخصیات کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ملک افضل نے بتایا کہ سردار یاسین ملک اسپتال ڈھائی سو بیڈز پر مشتمل ہے جو ملک فائونڈیشن آف پاکستان کے صدر اور معروف سماجی شخصیت سردار یاسین ملک کی خدمات کے صلے میں ان کے نام پر رکھا گیا ہے جس میں غریب اور نادار افراد کا مفت علاج کیا جائے گا۔

ملک افضل نے کینیا کی ممتاز سماجی شخصیات ڈاکٹر افضل اور آصف وڑائچ جبکہ سنگا پور کی معروف سماجی و کاروباری شخصیت عمران اسلم اورپاکستان سے آئے ہوئے حافظ رضا مصطفی ،ناصر کلیر، عمران بٹ اور حنیف احمد کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ سماجی خدمات انسانیت اور ہمارے دین کی اہم تعلیمات میں سے ہے اور ہر انسان کو اپنی حیثیت میں رہتے ہوئے یہ فرائض انجام دینے چاہئیں ، اس موقع پر ملک افضل نے شوبز سے تعلق رکھنے والے معروف پروڈیوسر پرنس فیصل کی جانب سے بنائی جانے والی دو فلموں کی کامیابی کے لیے نیک تمناؤں کا بھی اظہار کیا۔

اس موقع پر جاپان کی معروف سماجی شخصیت رانا عامر کے بہنوئی کی اچانک وفات پر تعزیت کا اظہار کیا گیا جبکہ حافظ رضا مصطفی نے مرحوم کے لیے خصوصی فاتحہ خوانی اور دعا کرائی ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر افضل نے ملک افضل کی سماجی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ملک افضل نے دنیا بھر میں ملک برادری کا نام روشن کیا ، انھوں نے رنگ نسل اور مذہب سے ہٹ کر لوگوں کی مدد کی ہے یہی وجہ ہے کہ گجرانوالہ میں ایک ارب روپے کا اسپتال تعمیر کرکے انھوں نے اپنی دنیا اور آخرت بھی سنوارلی ہے۔

تقریب سے عمران اسلم نے خطاب میں ملک افضل کا جاپان میں شاندار میزبانی پر شکریہ ادا کیا ،تقریب میں جاپان کی معروف شخصیات بھی شریک ہوئیں جن میں فکوشیما کی معروف سماجی شخصیت راجہ صابر ، ن لیگ جاپان کے سینئر رہنما حافظ شمس ،ظہیر ملک ،منیر ملک ،پرنس فیصل ،افضل گجر ،خاور کلیر اور نعیم صاحب بھی شامل تھے اس موقع پر سینئر کالم نگار عرفان صدیقی نے اپنی تیسری کتاب پاکستان سے جاپان تک بھی مہمانوں کو پیش کی ۔

تازہ ترین