• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آصف زرداری سےمدد کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا،شہبازشریف

مسلم لیگ ن کے صدر اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا ہے کہ آصف زرداری سےمدد کے لیے کوئی رابطہ نہیں کیا،پارٹی میں مخالف رائے کو اختلاف کا نام دینا غلط ہے، بیوروکریسی کو من پسندی کی بھینٹ چڑھایا گیا تو حکومت کو مشکل ہوگی۔

شہباز شریف نے پارلیمانی رپورٹر ایسوسی ایشن کے وفد سےملاقات کی اور کہا کہ نوازشریف کو سپریم کورٹ نااہل کرے یا احتساب عدالت سزا دے تو ڈیل نہیںاور اگر ہائیکورٹ سزا معطل کردے تو ڈیل ؟ عجیب بات ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ انصاف کے تقاضے پورا کرتے ہوئے احتساب کیا جائے توحمایت کریں گے،من پسند احتساب کی کوشش کی گئی تو مزاحمت کریں گے، اپوزیشن منقسم ہے نہ ہی فرینڈلی۔

ان کاکہناتھاکہ انہوں نے پنجاب میں اپنے ادوار میں 500 سے زیادہ گاڑیاں نیلام کیں، 10 سال پنجاب کابینہ میں ون ڈِش کا کلچر رکھا، کبھی ڈھول نہیں بجائے۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت نے مہنگائی کا بم گرا دیا ہے،گیس مہنگی کرنا چولہے ٹھنڈے کرنے کے مترادف ہےلیکن ضمنی انتخابات میں عوام ان ناانصافیوں کا جواب دیں گے۔

ن لیگ کے صدر نے کہا کہ عمران خان میٹرو کا آڈٹ کروائیں اس میں پشاور میٹرو بھی شامل کریں، پبلک اکاونٹس کمیٹی کی سربراہی خود کروں گا۔

ایک سوال کے جواب میں شہبازشریف نےکہا میاں نواز شریف سے اختلافات کی بات پر وہ جواب بھی دیں تو توہین ہے۔

تازہ ترین