ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کرنے والے شخص کو عدالت نے عمر قید کی سزا سنادی۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ریان راؤتھ نامی شخص نے 2024 کے صدارتی انتخابات سے 2 ماہ قبل ڈونلڈ ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے کی کوشش کی تھی۔
استغاثہ کے مطابق ملزم نے کئی ماہ تک اس حملے کی منصوبہ بندی کی اور اپنے اقدام پر کسی قسم کے پچھتاوے یا ندامت کا اظہار نہیں کیا۔
59 سالہ ریان راؤتھ کو فلوریڈا کے شہر فورٹ پیئرس میں امریکی ضلعی جج ایلین کینن نے عمر قید کی سزا سنائی۔ جیوری نے گزشتہ برس ستمبر میں ریان راؤتھ کو 5 سنگین الزامات میں مجرم قرار دیا تھا، جن میں ٹرمپ کو قتل کرنے کی کوشش بھی شامل تھی۔
ملزم نے مقدمے کی سماعت کے دوران بحیثیت وکیل اپنا دفاع خود کیا تھا۔
استغاثہ نے عدالت سے عمر قید کی سفارش کی تھی، جبکہ ریان راؤتھ نے جج سے 27 سال قید کی سزا دینے کی درخواست کی۔
پراسیکیوٹرز نے عدالتی دستاویزات میں کہا کہ ریان راؤتھ کے جرائم بلا شبہ عمر قید کے مستحق ہیں، کیونکہ اس نے کئی ماہ تک قتل کی منصوبہ بندی کی، وہ راستے میں آنے والے کسی بھی شخص کو قتل کرنے پر آمادہ تھا اور اس نے نہ تو افسوس کا اظہار کیا اور نہ ہی ندامت دکھائی۔
ریان راؤتھ کو ہوائی سے گرفتار کیا گیا تھا، اس سے قبل وہ نارتھ کیرولائنا میں مقیم تھا۔ اسے غیر قانونی طور پر اسلحہ رکھنے کے 3 الزامات اور گرفتاری کے دوران ایک وفاقی افسر کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کے جرم میں بھی مجرم قرار دیا گیا ہے۔