قومی احتساب بیورو ’نیب ‘ نے مسلم لیگ ن کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے اثاثے فروخت کرنے کےلیے احتساب عدالت میں درخواست دائر کر دی ۔
نیب کی درخواست کو عدالت نے سماعت کے لیے مقرر کردیا اور کل یعنی جمعہ کے دن احتساب عدالت کے جج محمد بشیر اس کی سماعت کریں گے۔
احتساب عدالت میں دائر کی گئی درخواست میں نیب نے موقف اختیار کیا کہ 6 ماہ سے زائد عرصہ ہوگیا اسحاق ڈار مفرور ہیں، اسحاق ڈار کی جائیداد پہلے ہی قرق کی جاچکی ہے۔
نیب نے درخواست میں استدعا کی کہ اسحاق ڈارکی پاکستان میں تمام جائیدادوں کوفروخت کرنے کی اجازت دی جائے۔
نیب کے اسپیشل پراسیکیوٹر عمران شفیق کی جانب سے دائر درخواست کے متن کے مطابق اسحاق ڈار نیب اور عدالت کی جانب سے مفرور قرار دیے جاچکے ہیں اور برطانیہ میں موجود ہیں۔
یاد رہے کہ پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں نیب نے اسحاق ڈار کے خلاف آمدن سے زائد اثاثوں کا ریفرنس احتساب عدالت میں دائر کر رکھا ہے جس میں انہیں مفرور قرار دیا جاچکا ہے۔
سابق وزیر خزانہ کو وطن واپس لانے کے لیے ایف آئی اے کی جانب سے ریڈ وارنٹ جاری کرتےہوئے انٹرپول کو بھی درخواست دی جاچکی ہے۔