• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایلزبتھ اول کے کردار سے دنیا بھر میں توجہ سمیٹنے والی آسٹریلوی اداکارہ اور تھیٹر ڈائریکٹرکیٹ بلانچٹ زندگی کی49بہاریں دیکھ چکی ہیں لیکن اس کے باوجود وہ جھریوں سے پاک چہرے اور جگمگاتی جِلد کی ملکہ ہیں۔ کیٹ کو دیکھ کر ان کی عمر کا اندازہ لگانا خاصا مشکل ہوجاتا ہےکیونکہ کیٹ آج بھی بغیر میک اَپ کے کسی کم عمر دوشیزہ کی طرح خوبصورت اور حسین دکھائی دیتی ہیں۔ آخر یہ سب کیسے ممکن ہے، اس کا جواب تو صرف کیٹ بلانچٹ ہی دے سکتی ہیں، تو آئیے جانتے ہیں کہ اپنی خوبصورتی سے متعلق وہ کیا کہتی ہیں ؟

جاپانی برانڈ کا استعمال

کیٹ بلانچٹ کا کہنا ہے کہ خواتین کے لیے یہ بہت مشکل ہےکہ انھیں جِلد کی حفاظت اور دیکھ بھال سے متعلق تمام تر لوازمات ایک ہی بیوٹی پراڈکٹ میں مل جائیں لیکن میرے ساتھ یہ صورتحال کچھ مختلف سی ہے کیونکہ میرے برانڈ میں وہ سب کچھ ہے، جو میری جِلد کے لیے بے حد ضروری ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پچھلے15سال سے میں مخصوص برانڈ کو استعمال کررہی ہوں۔ کیٹ بلانچٹ جاپان کا معروف اسکن کیئر برانڈ استعمال کرتی ہیں۔اس برانڈ کا فیس اسپرے کیٹ اپنے پرس میں لازمی رکھتی ہیں اوردن میں دو بار اس کا ضروراستعمال کرتی ہیں۔

بیوٹی پراڈکٹس

کیٹ بلانچٹ کا کہنا ہے کہ انھیں ڈریسز بے حد پسند ہیں اور وہ ہر کچھ عرصے بعد ہیئر اسٹائل تبدیل کرنے کی قائل بھی ہیں لیکن میک اَپ برانڈ سے متعلق ان کی رائے تھوڑی مختلف ہے۔ اگر کوئی برانڈ آپ کی جِلد کو سوٹ کرتا ہے تو اسے تبدیل کرنے کے بجائے اس کا مستقل استعمال جاری رکھنا چاہیے کیونکہ جِلد بے حد حساس ہوتی ہے اور بار باراسے نئے برانڈ کی آزمائش سے منسلک نہ کریں۔ وہ کہتی ہیں کہ میں سفر میں ہوں یا شوٹنگ پر،میرا فیورٹ برانڈ اور میک اَپ میرے ساتھ ہی رہتا ہے۔

سن اسکرین

کیٹ کا کہنا ہے کہ وہ اپنی والدہ کی بے حد شکر گزار ہیں، جو گھر سے نکلنے سے پہلے ہمیشہ انھیں تاکید کیاکرتی تھیں کہ سن اسکرین لگا کر جاؤ۔ دنیا بھر میں تقریباً90فیصد لوگ جِلد کے مسائل سے دوچار ہیں۔ اس کی وجہ یہی ہے کہ زیادہ تر سورج کے مضر اثرات سے جِلد کو محفوظ نہیں رکھ پاتے۔ سورج کی براہ راست الٹرا وائلٹ شعاعیںنہ صرف جِلد کا رنگ خراب کرتی ہیں بلکہ مختلف قسم کے جلدی امراض بھی پیدا کردیتی ہیں۔

فیشل اور آئی ماسک

کیٹ بلانچٹ کا کہنا ہے کہ وہ سفر کے دوران بھی ماسک لگانا نہیں بھولتیں، تاہم اس بات کا انتظار کرتی ہیں کہ فلائٹ میں لائٹس آف کی جاچکی ہوں اور جب انتظار نہ کرسکیں تو آئی ماسک ضرور لگاتی ہیں۔ اس کے علاوہ سفر کے لیے وہ فیشل ٹریٹمنٹ ایسنس بوتل میں بھر کر لازمی اپنے ساتھ رکھتی ہیں اور دن میں مصروفیات کے سبب اگر اسپرے نہ کرپائیں تو فلائٹ میں یہ اسپرے ان کی جِلد کی حفاظت کے طور پر کام آتاہے۔ اگرچہ ٹونر کا کام ہے کہ وہ جِلد کی pHبیلنس رکھنے میں مدد کرے لیکن ایسنس بھی جِلد کو نمی فراہم کرتا ہے۔

اسکن وٹامن

کیٹ کا کہنا ہے، ’’میں اس بات کا خاص خیال رکھتی ہوں کہ بچوں کی غذا میں صحت مند وٹامنز لازمی شامل ہوں لیکن کچھ عرصہ قبل تک میں اپنے لیے اس بات کونظر انداز کردیا کرتی تھی ۔تاہم جب سے میں نے بیوٹی پروگرام اور بیوٹی ایکسپرٹ کے ذریعے ان وٹامن کی افادیت جانی ہے تب سے میں نے جِلد اور صحت کے لیےضروری وٹامن کو اپنی خوراک کا لازمی حصہ بنالیا ہے۔ وٹامن اے، بی، سی ای اور کے جِلد کے لئے سب سے زیادہ ضروری ہیں۔ مختلف وٹامن جِلد کو خشکی اور تھکاوٹ سے دور رکھتے ہیں۔ وٹامنز کی کمی سے جِلد خشک ہوجاتی ہے اور خشکی سے جِلد میں پا پڑیاں جمنے لگتی ہیں۔ وٹامن اے بڑھتی عمر کی وجہ سے پیدا ہونے والے جِلد کے مسائل کی روک تھام کرتا ہے۔ جب سے میں نے وٹامنز کو اپنی خوراک کا حصہ بنایا ہے مجھے محسوس ہونے لگا ہے کہ میری جِلد روز بروز چمکدار ہوتی جارہی ہے‘‘۔

دباؤ نہ لیں

کیٹ کہتی ہیں کہ وہ نہ تو کوئی ماڈل ہیں اور نہ ہی اسکول لائف کی کوئی حسین سی دوشیزہ، انھوں نے اس دور میں اپنی شخصیت سے متعلق سوچا ہی نہیں۔ کیٹ کے مطابق ’’مجھے اکثر مداح کہتے ہیں کہ میں اپنی عمر سے کہیں زیادہ کم نظر آتی ہوں تو وہ کون سے بیوٹی سیکریٹ ہیں جو میری اینٹی ایجنگ کاراز ہیں ؟ اگر آپ چاہتی ہیں کہ آپ کی جِلد خوبصورت اور چمکتی دمکتی رہے تو اسٹریس لینا چھوڑدیں۔ بچوں کی تربیت اور روزگار کاپریشر ہمیں بھی ہے لیکن اس کو حاوی نہ ہونے دیں کیونکہ پریشر سب سے پہلے آپ کی خوبصورتی پر حملہ آور ہوتا ہے۔ کیل مہاسے،ڈارک سرکلز اور بے رونق جِلد آپ کے اسٹریس کا نتیجہ ہوتی ہے، اس لیے اپنے آرام کے لیے وقت نکالیں ۔دوستوں سے بات چیت کریں اور خوش رہیں‘‘۔

تازہ ترین