شردھا کپو ر فلم انڈسٹری میں تیز ی سے ترقی کر رہی ہیں، اسی لئے ان کے پرستار وں کی تعداد بڑھنے کے ساتھ ساتھ ان کے لائف اسٹائل کو فالو کرنے والوں کی تعداد میں بھی اضافہ ہورہا ہے۔ شردھا اپنی خوبصورتی، فٹنس اور صحت مند زندگی کے راز بتاتے ہوئے کہتی ہیںکہ پہلے ان کی جِلد پھیکی، بے جان اور روکھی تھی، اس کے علاوہ شدید گرمی میں مسلسل گھنٹوں کام کرکے ان کی جِلد کا رنگ پھیکا پڑگیا تھا، جسے دوبارہ تروتازہ اور شفاف بنانےکے لیے انہوں نے اپنی روز مرہ زندگی میں اسٹرابیری اور آڑو کو شامل کرلیا۔ اس طرح سے ان کی جِلد پھر سے چمکدار اور اُجلی ہوگئی ہے۔ ان دوپھلوں کو اپنی غذا کا حصہ بنانے سے ان کی جِلد کو نمی ملتی ہے اور ان کا استعمال موسم گرما میں جِلد کی حفاظت کے لیے کافی فائدہ مند ثابت ہوتاہے۔
اسکن کیئر
شردھا اپنی چمکتی دمکتی جِلد کی وجہ سے بھی مشہور ہیں۔ انھیں بہت زیادہ میک اَپ کرنا پسند نہیں ہے۔ وہ اپنی جِلد کو تروتازہ رکھنے کے لیے بہت زیادہ پانی پیتی ہیں۔ اپنی جِلد کو صاف ستھرا رکھنے کے لیے فیس واش استعمال کرتی ہیں اور دن میں دو بار اپنا منہ دھوتی ہیں۔ اپنی جِلد کی نمی کو برقرار رکھنے کے لیے وہ موئسچرائزر کا بھی استعمال کرتی ہیں جبکہ دھوپ کے اثرات سےبچنے کے لیے سن اسکرین لگانا نہیں بھولتیں۔
ہیئر کیئر
شردھا اپنے بالوں کا تیل سے مساج کرتی ہیں، جس کے لیے وہ اپنی ماں کی خدما ت حاصل کرتی ہیں۔ شردھا کی ماں کھاڈی کے تیل سے ان کے بالوں کو چمکدار اور گھنا بنانے میں ان کا ہاتھ بٹاتی ہیں۔ اس کے علاوہ بالوں کو ریشم جیسا بنانے کے لیے وہ شیمپو استعمال کرتی ہیں۔ بالوں کو الجھنے اور خراب ہونے سے بچانے کے لیے وہ سیر م لگاتی ہیں۔
بیوٹی پراڈکٹس
کاسمیٹکس ہوں ، شیمپو یا پھر کنڈیشنر، شردھا ہر چیز مختلف برانڈ کی استعمال کرنا پسند کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ فیشل وائپس ، ہیئر اسپرے ، کاجل اور لِپ بام سے وہ اپنی خوبصورتی میں مزید اضافہ کرتی ہیں۔
ڈائٹ پلان
شردھا کی چمکتی دمکتی جِلد کے پیچھے ان کی بیلنس ڈائٹ کا بھی ہاتھ ہے۔ وہ ہمیشہ صحت بخش غذائیں کھاتی ہے۔ ناشتے میں وہ تازہ پھل کھاتی ہیں تاکہ اس سے انھیں توانائی حاصل ہو۔ اپنے میٹا بولزم کو تیز رکھنے اور آسانی سے کیلوریز جلانے کے لئے وہ بہت ساراپانی پیتی ہیں۔ شردھا برابر کی مقدار میں کاربوہائیڈریٹس اور پروٹین لیتی ہیں۔ اس کے علاوہ چکنائی بھی اتنی ہی کھاتی ہیں جتنی ضروری ہے، جیسا کہ اومیگا تھری فیٹی ایسڈ۔ وہ جنک فوڈ کھانے سے پرہیز کرتی ہیں کیونکہ یہ صحت کے لیے نہ صرف نقصان دہ ہوتے ہیں بلکہ موٹاپے کا باعث بھی بنتے ہیں۔ شردھا کو کھانے میں مچھلی کا سالن، روا فرائڈ فش ، کھائو سوئے اور جلیبی پسند ہے۔
ورک آئوٹ روٹین
شردھا سلِم اور اسمارٹ ہیں۔ انڈسٹری میں آنے سے قبل وزن کم کرنے کے لیے وہ کبھی جِم نہیں گئیں۔ البتہ بالی ووڈ میں قدم رکھنے کے بعد اب وہ روزانہ صبح سات بجے جِم جاتی ہیں ، پُش اپ، کرنچ ، پُل اپ اور اسڑیچنگ ایکسرسائز کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ شردھا یوگا بھی کرتی ہیں۔ انھیں ڈانس کرنا بہت پسندہے، ان کے نزدیک رقص ایک بہترین ایکسر سائز ہے۔ وہ زیادہ تر زومبا، بیلے اور ہپ ہاپ ڈانس کرتی ہیں۔ کھیل کود اور ایڈونچروالی سرگرمیوں،جیسے پہاڑوں پر چڑھنا ، اسکوبا ڈائیونگ وغیرہ، میں وہ شوق سے حصہ لیتی ہیں۔
آنے والی فلمیں
شردھا کپور 2018 میں دھوم مچانے کو تیار ہیں۔ سال کے آخر تک ان کی ایک یا دو نہیں بلکہ پوری پانچ فلمیں سینما گھروں کی زینت بنیں گی۔ ’’بتی گُل میٹر چالو‘‘ میں شردھا کپور، اداکار شاہد کپور کی ہیروئن بنی ہیں۔ فلم’’ ساہو‘‘ میں باہو بلی اسٹار پر بھاس کے مقابل نظر آئیں گی۔ بیڈ منٹن اسٹار ثانیہ نہوال کی زندگی اور ہارر کامیڈی فلم میں راج کمار راؤ کے ساتھ جلوہ گر ہوں گی۔’’چندا ماما دور کے‘‘ میں شردھا سشانت سنگھ راجپوت کی ہیروئن بننے کو تیار ہیں۔