نوابشاہ (محمد انور شیخ) سابق صدر وپی پی کے شریک چیئرمین اور نوابشاہ سے ممبر قومی اسمبلی آصف علی زرداری کو الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کردیا گیا نوٹس انتخابی تشہری مواد کے نامکمل بل جمع کروانے پر دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نواب شاہ کے حلقہ این اے 213 سے منتخب رکن قومی اسمبلی آصف علی زرداری کو ایڈیشنل ڈسڑکٹ اینڈ سیشن جج و ریٹرننگ آفیسر محمد محبوب اعوان کی جانب سے الیکشن ایکٹ کے سیکشن 180(3) اور 134(3) کے تحت نوٹس جاری کیا گیاہے جس کے تحت انہوں نے الیکشن قوانین 2017,2018 کی خلاف ورزی کی جس کے مطابق انتخابی تشہری مواد جس میں پینافلیکس ،بل بورڈ،ہینڈ بل ،اسٹیکرشامل ہیں کے پرنٹرز اور پبلشر کا نام نہ دینے اور انتخابی اخراجات کی نامکمل تفصیل فراہم کرنے پر نوٹس دیا گیا۔ آصف علی زرداری کو نوٹس مختیار کار روینیو کے ذریعے جاری کیا گیا تاہم نوٹس کی تعمیل ہفتہ وار چھٹی کے باعث نہ ہوسکی۔شوکاز نوٹس کے مطابق ایم این اے آصف علی زرداری سے 14دن میں جواب طلب کیا گیا ہے۔نوٹس میں کہا گیا ہے الزامات کا جواب 14 یوم کے اندر الیکشن کمیشن آف پاکستان کے پاس جمع کرایا جائے نوٹس میں کہا گیا ہے کہ الیکشن قوانین کی خلاف ورزی پر کیوں نہ آپ کے خلاف کاروائی کی جائے۔