• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اجے دیوگن نے ’دل والے دلہنیا‘ کیوں نہیں دیکھی ؟

بالی ووڈکے سنگھم اجے دیوگن نے اپنی اہلیہ کاجول اور شاہ رخ خان کی مشہور زمانہ فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ اب تک نہیں دیکھی، جس کی وجہ انہوں نے بتادی۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق کاجول نے بتایا ہے کہ ان کی فلم’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘وہ فلم ہے جو اجے نے ابھی تک نہیں دیکھی، انہوں نے بہت مرتبہ اُن سےفلم نہ دیکھنے کی وجہ پوچھی لیکن اجےنے انہیں کبھی کوئی تسلی بخش جواب نہیں دیا۔

کاجول نےمزید بتایا کہ ’اجے نےمجھے کہا کہ میری فلم نہ دیکھنے کی ان کے پاس ایک وجہ ہے، لیکن وہ وجہ انہوں نےمجھے بتائی نہیں ۔‘

ساتھ ہی کاجول نے صحافیوں سے کہا کہ اگلی مرتبہ جب آپ کا اجے دیوگن سے ٹاکرا ہو تو اُن سے یہ سوال ضرور کریں اور پھر مجھے بھی بتائیں کہ انہوں نے ابھی تک ڈی ڈی ایل جے کیوں نہیں دیکھی؟

کاجول کا مزید کہنا تھافلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘کو دیکھ کر بہت سے جوڑوں نے اُسی انداز میں شادی کرنے کا فیصلہ کیا تھا، جبکہ وہ لوگ جن کی دوستی تھی، وہ بھی اس رومانٹک فلم سے اتنا متاثر ہوئے کہ انہوں نے بھی شادی کے بندھن میں بندھنے کا فیصلہ کرلیا تھا۔

واضح رہے کہ اجے دیوگن کے حوالے سے مشہور ہے کہ ان کی ڈی ڈی ایل جے میں کاجول کے ہیرو شاہ رخ خان سے کچھ زیادہ بنتی نہیں ہے۔

ایک حالیہ انٹرویو میں کاجول بھی اس بات کا اعتراف کرچکی ہیں کہ اجے اور شاہ رخ دوست نہیں ہیں، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے کے دشمن ہیں۔ اگر وہ ایک ساتھ پارٹی نہیں کرتے یا سیلفیز نہیں لیتے تو اس کا یہ ہرگز مطلب نہیں ہے کہ وہ ایک دوسرے سے نفرت کرتے ہیں یا ایک دوسرے کو پسند نہیں کرتے۔

ساتھ ہی انہوں نے کہاشاہ رخ خان میرے بہت اچھے دوست ہیں، لیکن میں نے اپنی دوستیاں کبھی اجے دیوگن پر مسلط نہیں کیں اور نہ ہی انہوں نے کبھی ایسا کیا۔

یاد رہے کہ ادتیہ چوپڑا کی ہدایات میں بننے والی فلم ’دل والے دلہنیا لے جائیں گے‘ نے اپنی ریلیز کے وقت باکس آفس پر تباہی مچادی تھی اور 100 کروڑ روپے سے زائد کا بزنس کیا تھا۔

تازہ ترین