اسلام آباد(نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے این آر او سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران مسول علیہ جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل کی جانب سے مسول علیہ کی رپورٹ چیمبر میں پیش کرنے کی اجازت دینے کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11اکتو بر تک ملتوی کر دی ہے۔ دوران سماعت چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پرویز مشرف عزت سے آ جائیں، ایسا نہ ہو حالات بے عزتی والے ہو جائیں،وہ خود کو جرات مند کمانڈو کہتے تھے، اب جرات دکھائیں۔سپریم کورٹ نے پرویز مشرف کی عدالت پیشی سے پہلے کسی بھی مقدمے میں گرفتار نہ کرنے کا حکم دیا ہے۔ چیف جسٹس میا ں ثا قب نثارکی سربراہی میں جسٹس فیصل عرب اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل تین رکنی بنچ نے منگل کے روز کیس کی سماعت کی تو پرویز مشرف کی جانب سے اختر شاہ ایڈووکیٹ پیش ہوئے اور موقف اختیار کیا کہ انکے موکل نے واپس آنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوںنے کہا کہ انکو سیکورٹی اور میڈیکل کے مسائل درپیش ہیں جبکہ لال مسجد کیس میں بھی انہیں اشتہاری قرار دیا گیا ہے۔ فاضل چیف جسٹس نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ آپ کے موکل پرلال مسجد کیس میں کوئی چارج نہ ہو، لیکن وہ سنگین غداری کیس کے ملزم ہیں،وہ اسی کیس میں عدالت میں پیش ہو جائیں، ہم نے پہلے بھی کہا تھا کہ وہ وطن واپس آجائیں انہیں سیکورٹی دی جائیگی، یہ اس ملک کی سب سے بڑی عدالت کی یقین دہانی ہے، وہ وطن واپس آئیں انہیں کوئی گرفتار نہیں کریگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ جب تک حیات ہیں انکے اوپر یہ ذمہ داری ہے کہ عدالتوں کے سامنے پیش ہوں، یہ نہیں ہو سکتا کوئی پاکستان سے چلا جائے اور عدالت میں پیش ہی نہ ہو، ان کو کمر میں درد ہےتو مجھے چک پڑی ہوئی ہے، ایک وکیل صاحب کو بھی چک پڑی ہوئی ہے وہ جھک ہی نہیں سکتے ہیں،وہ یہاں آئیں تو ہم انکا علاج کرائینگے۔ انہوںنے ازراء تفنن کہا کہ ہم پرویز مشرف کے چک شہزاد کے فارم ہائوس کی صفائی ستھرائی کی چیکنگ کیلئے نعیم بخاری ایڈووکیٹ کو وہاں پر بھیجیں گے،ان کیخلاف مقدمات کا فیصلہ سختی سے قانون کے عین مطابق کیا جائے تاہم اگر وہ رضاکارانہ طور پر آجائیں تو انکی عزت میں اضافہ ہوگا۔ جس پر فا ضل وکیل نے کہا کہ انکی حالت زیادہ اچھی نہیں ہے، ڈاکٹر نے معائنہ کیا ہے اور جب انکی رپورٹ آئیگی تو وہ میں چیمبر میں پیش کرنا چاہونگا اس کیلئے مہلت دی جائے جس پر فاضل عدالت نے مہلت دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 11 اکتوبر تک ملتوی کر دی۔علاوہ ازیں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عالیہ رشید تقرری کیس کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ عالیہ رشید اسپورٹس لیڈی تھی جس نے پاکستان کی عالمی سطح پر نمائندگی کی ہے، انہیں وزارت کھیل میں جگہ دیں یانیب اکاموڈیٹ کرے۔