• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

’’سپر ماڈل میرانڈا کیر‘‘ کی اسکن کیئر روٹین

آسٹریلین سپر ماڈل میرانڈا کیر، آسٹریلیا کی پہلی وکٹوریہ سیکریٹ ماڈل کے طور پر بھی پہچانی جاتی ہیں۔ میرانڈا نہ صرف باصلاحیت اور پراعتماد ہیں بلکہ وہ خوبصورتی اور حسن میں بھی بے مثال ہیں۔ میرانڈا کااپنا بیوٹی برانڈ بھی ہے،جسے کچھ ہی عرصہ قبل لانچ کیا گیا ہے۔ صرف یہی نہیں، میرانڈا ’سیلف ہیلپ بک‘کی مصنفہ بھی ہیں۔ زندگی کی 35بہاریں دیکھنے اور دو بچوں کی ماں ہونے کے باوجود میرانڈ ا آج بھی کسی کالج گرل کی طرح ہی دکھائی دیتی ہیں۔ ان کی شہرت سے لاعلم افراد انہیں پہلی نظر دیکھ کر ان کی عمر اور شادی کابآسانی اندازہ نہیں کرپاتے،جس کاسہرامیرانڈ ا کی اسکن کیئر اور فٹنس روٹین کو جاتا ہے اور یہ روٹین اتنی مشکل بھی نہیں جس پر آپ عمل نہ کرسکیں۔ آئیےجانتے ہیں کہ میرانڈا کیر خوبصورتی سے متعلق خواتین کو کیا تجویز کرتی ہیں اور وہ کون سے اہم راز ہیں جو ان کی سدا بہار خوبصورتی کی وجہ بن رہے ہیں۔

خوبصورتی کا راز

اسکن کیئر روٹین سے متعلق میرانڈا اپنی دادی کےمشوروں پر عمل کرتی ہیںاور خواتین کو بھی یہی تجویز کرتی ہیں۔ ماضی میں استعمال کیے گئے ٹوٹکوں کو ہرگز کمتر نہ جانیں۔ میرانڈا کا ایک انٹرویو میں کہنا تھا کہ 13سال کی عمر میری دادی نے مجھے’’ نونی(ہندوستانی شہتوت ) کے جوس‘‘ کی افادیت بتائی تھی اور پھر یہ جوس میری روزمرہ روٹین کا حصہ بن گیا۔ اگر بچپن میں کبھی دھوپ سے جِلد جھلس جاتی تودادی اس کے عرق کو چہرے پر لگانے کا کہتیں، جس کا واضح اور دیرپا اثر بھی محسوس ہوتا تھا۔میرانڈا کا کہنا تھا کہ بچپن میں یہ جوس میری اسکن کیئر روٹین کا حصہ رہا اور اب اس کا تیل میری اسکن پراڈکٹس میں شامل ہے اور یہی وہ تیل ہے جو میری چمکتی جِلد کا راز بھی ہے۔

اروما تھراپی

مختلف خالص نباتاتی تیل کے ذریعے اروما تھراپی کرانا صرف میرانڈا ہی نہیں بلکہ بالی ووڈ سمیت پاکستانی اداکاراؤں کی اسکن کیئر روٹین میں بھی شامل ہے۔ میرانڈا کے مطابق مختلف اور خالص خوشبو ؤں کے ذریعے کسی بھی ایونٹ کو معمول سے زیادہ بہتر بنایا جاسکتا ہے۔ ریڈ کارپٹ پر جانے سے پہلے میرانڈا اروما تھراپی کو میک اَپ روٹین کا لازمی حصہ بناتی ہیں۔ میرانڈا کا کہنا ہے کہ اروماتھراپی کے بعد مجھے خود میں ایک خا ص انرجی محسوس ہوتی ہے، ایسا محسوس ہوتا ہے کہ جیسے جلد مزید چمک رہی ہو۔ اروما تھراپی کے لیے ان کا پسندیدہ تیل لیونڈر آئل ہے۔

میرانڈا کا کہتی ہیں،’’ میں اپنی جلد ،باڈی اور ذہن کےلیے بے حد حساس ہوں، مارکیٹ میں خوشبوؤں کی وسیع رینج موجودہے، جن میں سستے اور مہنگے دونوں قسم کے تیل مارکیٹ میں دستیاب ہیں لیکن بہترین نتائج کے لیے میں ہمیشہ خالص تیل استعمال کرتی ہوں‘‘۔

میرانڈا کے معمولات

صبح کا آغازفیس فومنگ کلینزر سےمیرانڈا کا کہنا ہے کہ وہ اپنی صبح کا آغاز اپنے برانڈ کے فیس فومنگ کلینزر سے کرتی ہیں اور یہی فیس فومنگ کلینزر ان کی رات کی روٹین کا بھی حصہ ہے۔

نونی آئل

چہرے کی چمک اور تازگی برقرار رکھنے کے لیےسپر ماڈل نونی آئل دن میں دو بار لازمی استعمال کرتی ہیں۔ تیل کے چندقطرے جِلد کو جھریوں اور سورج کی نقصان دہ شعاعوں کے اثرات سے محفوظ رکھتے ہیں۔

فیس مسٹ

چہرے کونرم اور جلد میںچمک پیدا کرنے کے لیے میرانڈااپنی برانڈ کا فیس مسٹ استعمال کرتی ہیں، ساتھ ہی جِلد پر عرقِ گلاب بھی چھڑکتی ہیں۔ میرانڈا کے مطابق یہ جِلد پر بہت نرمی دکھا تا ہے اور اسے ترو تازہ کردیتاہے۔

موئسچرائزر

موئسچرائزرکرنا میرانڈا کی بیوٹی کیئر روٹین کا لازمی حصہ ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موئسچرائزرکا کام جِلد میںجذب ہو کر اسے نمی پہنچاکر نرم و ملائم رکھنا ہے، یہی وجہ ہے کہ میں اس کا استعمال ترک نہیں کرسکتی۔ موئسچرازر کا انتخاب میری جِلد کی ساخت پر منحصر ہے۔ میرانڈا کا کہنا ہے کہ موئسچرائزنگ کے لیے مہنگے یا سستے کے بجائے کسی ایسے موئسچرائز ر کا انتخاب کریں، جو آپ کی اسکن ٹون کے مطابق ہو۔

سن اسکرین

میرانڈا کا کہنا ہے کہ آسٹریلوی باشندوں کو دھوپ سے حفاظت کے لیے سخت اقدامات کرنے کی ضرورت ہوتی ہے۔ اسی لیے میں ایسےہیٹ کیپ کا استعمال لازمی کرتی ہوں، جو میرے چہرے کو اچھی طرح سے ڈھانپ سکے۔ اس کے علاوہ میرانڈا سن اسکرین استعمال کیے بغیر باہر نہیں نکلتیں، وہ اپنے برانڈ کا سن اسکرین روزانہ استعمال کرتی ہیں اور ان کا سن اسکرین 50ایس پی ایف ہے۔

تازہ ترین