• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سکھر ، مینارہ روڈ پر کھدائی سے ٹریفک جام کا مسئلہ گمبھیر

سکھر (بیورو رپورٹ) میونسپل کارپوریشن انتظامیہ کی ناقص حکمت عملی کے سبب عوامی مسائل حل ہونے کے بجائے ان میں اضافہ ہونے لگا، شہر کی اہم ترین شاہراہ مینارہ روڈ پر ایک سال سے نکاسی آب کا نظام تو درست نہیں ہوسکا تاہم شاہراہ کو کھود کر ٹریفک جام کے مسئلہ کو گمبھیر کردیا گیا ہے، مفلوج نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے کی گئی کھدائی عوام کے لئے وبال جان بن گئی، کوئی دن ایسا نہیں گزرتا جب شاہراہ پر گندا پانی جمع نہ ہوتا ہو۔ یہ شاہراہ شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے، جس کے اطراف میں اسکولز، کالجز، شہر کی اہم مسجد مکی مسجد سمیت مختلف سرکاری محکموں کے دفاتر بھی واقع ہے جبکہ حیرت انگیز طور پر اسی شاہراہ سے تھوڑی ہی دور مےئر سکھر ارسلان اسلام شیخ کی رہائشگاہ اور تقریباً اتنی ہی دور میونسپل کارپوریشن کا دفتر بھی واقع ہے مگر اس کے باوجود ایک سال گزرگیا مگر اس شاہراہ پر مفلوج نکاسی آب کے نظام کو بہتر نہیں بنایا جاسکا ہے بلکہ نکاسی آب کے نظام کی درستگی کے لئے کی جانیوالی کھدائی عوام کے لئے درد سر بن گئی ہے۔ مذکورہ شاہراہ پر ایک سال سے نکاسی نظام کی درستگی کے لئے وقتاً فوقتاً کھدائی کا کام جاری ہے، پہلے جیم خانہ گیٹ سے لیکر مکی مسجد موڑ تک شاہراہ پر کھدائی کی گئی اور اب مکی مسجد کے بالکل سامنے کئی فٹ گہرے گڑھے کھود کر زیر زمین پائپ لائن بچھائی جارہی ہے، حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ایک سال سے زائد وقت گزرنے کے باوجود مذکورہ شاہراہ پر نکاسی آب کے نظام کو بہتر بنانے کا کام مکمل نہیں ہوسکا ہے۔

تازہ ترین