پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ اقتصادی بحران تو ملک میں ہے ہی اس وقت جمہوری بحران سے بھی گزر رہے ہیں،حکومت نے 50دن میں 50یوٹرن لئے۔
میڈیا سے گفتگو میں شیری رحمان نے کہا کہ پارلیمان میں روزانہ بحث ہورہی تھی کہ آئی ایم ایف سے چھٹکارا دلائیں گے،اب کشکول چھوڑے اس کا باپ آگیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عالمی منڈی میں تیل کی قیمتیں کم ہونے کے باوجود پاکستان میں تیل کی قیمتیں کم نہیں ہورہیں، حکومت کا بجٹ اشرافیہ کا بجٹ ہے۔
پی پی رہنما نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نے بھی نواز لیگ کا بجٹ پیش کیا ،سی این جی ، گیس اور پٹرول کا بم عوام پر گرادیا ہے۔
ان کا کہناتھاکہ آئی ایم ایف کی کون سی شرائط پر قیمتیں بڑھائی ہیں؟نئے پاکستان کوکہاں ڈھونڈیں؟ وی وی آئی پی جہاز استعمال نہیں ہوںگے لیکن جہاز استعمال ہورہے ہیں۔
شیری رحمان نے یہ بھی کہا کہ حکومت نے 50دن میں 50یوٹرن لئے ،حکومت نے فضول کی گالم گلوچ اور نفرتوں کے کاروبار میں ملوث کردیا ہے،پاکستان کی تاریخ میں کبھی ڈالر کی قیمت اتنی نہیں ہوئی۔
پی پی سینیٹر نے مزید کہا کہ حکومت کا منشور کچھ اور کہہ رہا تھا، کنٹینر کے وعدے کچھ اور تھے، حکومت یاد رکھے کہ اس کے اردگرد لوگ سہولت کار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ آج بھی سینیٹ میں بیچ بچاو کرایا ہے،حکومت تو سلیکٹ ہوئی ہے، چین کو کہہ دیا کہ نظرثانی کررہے ہیں، پھر یوٹرن لے لیا،حکومت روزانہ کی بنیاد پر غلط بیانی کررہی ہے۔